ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ پہلی بار کرکٹ کی دنیا کے تاریخی مقام لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں شاندار روڈ شو کا انعقاد کرنے جا رہی ہے۔
یہ ایونٹ عالمی سرمایہ کاروں، کمرشل پارٹنرز اور کرکٹ شائقین کو ایک جگہ جمع کرے گا۔ اس خصوصی تقریب کا مقصد لیگ کی غیر معمولی ترقی، مضبوط تجارتی حیثیت اور مستقبل کی سمت کو عالمی سطح پر پیش کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: پاکستان سپر لیگ 10: ڈرافٹنگ کی تاریخ اور وینیو میں تبدیلی کردی گئی
ایچ بی ایل پی ایس ایل انتہائی تیزی سے دنیا کی مقبول ترین اور مضبوط ترین ٹی20 لیگز میں شامل ہو چکی ہے۔ 2 نئی ٹیموں کے اضافے کی تیاریوں کے ساتھ ہی لیگ کو برطانیہ بھر سے ممکنہ ملکیت رکھنے والے گروپس کی جانب سے غیر معمولی دلچسپی موصول ہو رہی ہے، جو لیگ کے بڑھتے ہوئے عالمی اثر و رسوخ کا واضح ثبوت ہے۔
لندن روڈ شو اس تیزی سے بڑھتی توجہ کو مزید آگے بڑھانے کے لیے منعقد کیا جا رہا ہے، جہاں سرمایہ کاروں اور کرکٹ فینز کو لیگ کے کمرشل ماڈل، معاشی امکانات اور مستقبل کے اسٹریٹجک وژن سے روشناس کرایا جائے گا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا بیان
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل ایک بہترین اور باوقار برانڈ بن چکا ہے۔ اس روڈ شو کو کرکٹ کے دل لارڈز میں لے جانا پاکستان کرکٹ کو عالمی سطح پر مزید بلند کرنے کی ہماری وابستگی کی علامت ہے۔
یہ بھی پڑھیے: سابق کپتان سرفراز احمد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ٹیم ڈائریکٹر مقرر
انہوں نے کہا کہ نئی ٹیموں کے حوالے سے برطانوی مارکیٹ سے ملنے والی بے پناہ دلچسپی اس بات کا ثبوت ہے کہ پی ایس ایل کی بین الاقوامی مقبولیت مسلسل بڑھ رہی ہے۔ یہ تقریب عالمی پارٹنرشپس کو مضبوط کرنے اور مستقبل کی نئی سمتوں کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کا بہترین موقع ہے۔
سی ای او پی ایس ایل کا بیان
سی ای او پی ایس ایل سلمان نصیر نے کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل نے خود کو ایک عالمی معیار کی لیگ ثابت کیا ہے جس کی دنیا بھر میں بڑی فین فالوونگ اور مضبوط کمرشل ویلیو ہے۔ لارڈز میں روڈ شو کے ذریعے ہم سرمایہ کاروں کو 2 نئی ٹیموں کی شمولیت اور مستقبل کے منصوبوں سے براہِ راست آگاہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کی بڑھتی دلچسپی انتہائی حوصلہ افزا ہے، جو لیگ کی عالمی رسائی کا ثبوت ہے۔ ہمارا مقصد ایک بڑی، مضبوط اور بین الاقوامی سطح پر مزید مربوط پی ایس ایل تشکیل دینا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 کی ٹرافی ’لومینارا‘ کی بحیرہ عرب میں رونمائی
ایچ بی ایل روڈ شو میں مختلف کاروباری شخصیات، ممکنہ فرنچائز مالکان اور کرکٹ کے شائقین شرکت کریں گے، جو دنیا کی تیزی سے ترقی کرتی اس لیگ کے ساتھ جڑنے کے خواہاں ہیں۔ یہ اقدام پی ایس ایل کی عالمی توسیع، اسٹریٹجک شراکت داری اور اعلیٰ معیار کی کرکٹ اور تفریح فراہم کرنے کے عزم کو اجاگر کرتا ہے۔
مزید برآں، 30 سپر فینز کو بھی اس خصوصی تقریب میں شرکت کا نایاب موقع دیا جائے گا۔ ٹکٹس حاصل کرنے کے طریقہ کار کی تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔














