پاکستان سپرلیگ یعنی پی ایس ایل کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کو ٹیم ڈائریکٹر مقرر کیا ہے، سرفراز احمد کی نئی تقرری کا اعلان کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نے کیا ہے۔
ندیم عمر کا کہنا تھا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پی ایس ایل 2019 کا ٹائٹل جتوانے والے کپتان سرفراز احمد پی ایس ایل کے آغاز سے ہی ٹیم کے اہم کرداروں میں سے ایک ہیں، جنہیں نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔
’سرفراز نے بحیثیت کپتان فرنچائز کی عمدہ انداز میں قیادت کی، امید ہے کہ وہ بطور ڈائریکٹر بھی ایسا ہی کریں گے۔‘
یہ بھی پڑھیں:سرفراز احمد نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو خدا حافظ کہہ دیا، آخری پیغام میں کیا کہا؟
ندیم عمر نے کہا کہ سابق ٹیسٹ کپتان معین خان بطور ہیڈ کوچ اور سرفرازاحمد بطور ٹیم ڈائریکٹر ہمارے لیے اثاثہ ہوں گے، ہمارے لیے سرفراز احمد سے زیادہ بہتر کوئی اور انتخاب نہیں تھا۔
’سرفراز احمد کوئٹۃ گلیڈی ایٹرز کی جان ہیں جنہیں ہم نہیں چھوڑ سکتے، فرنچائز نے سرفراز کی کپتانی میں 2016 اور 2017 میں فائنل کھیلا تھا۔‘
خیال رہےکہ جنوری میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن میں فتح سے ہمکنار کرانے والے سابق کپتان سرفراز احمد کو اُن کی ٹیم نے ریلیز کردیا تھا، جس کے بعد ان کی جگہ جنوبی افریقا کے رائلی روسو کو کپتان مقرر کیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں:کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سرفراز احمد کو ریلیز کردیا، سابق کپتان کا مستقبل کیا ہوگا؟
سرفراز احمد کو ریلیز کرنےکے بعدکوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نےکہا تھا کہ سرفراز احمدکوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جان ہیں، ہم ان کو چھوڑ نہیں سکتے، آپ انہیں ایک نئے رول میں دیکھیں گے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 2019 میں سرفراز احمد کی کپتانی میں پی ایس ایل کا ٹائٹل جیتی تھی جبکہ 2016 اور 2017 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم فائنل میں شکست سے دوچار ہوئی تھی۔
گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرتے ہوئے سرفراز احمد نے 86 میچوں میں 7 نصف سنچریوں کی مدد سے اور 29.32 کی اوسط سے مجموعی طور پر 1525 رنز بنائے تھے۔