سری لنکا اور آسٹریلیا کے خلاف شیڈول ٹی20 سیریز کے پیشِ نظر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کھلاڑیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بگ بیش لیگ سمیت تمام غیر ملکی لیگز چھوڑ کر نیشنل ڈیوٹی کے لیے وطن واپس آئیں۔
پی سی بی کا پیغام برائے این او سی ہولڈرز
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے ان تمام کرکٹرز کو جو این او سی کے تحت مختلف لیگز میں مصروف ہیں آگاہ کر دیا ہے کہ قومی اسکواڈ میں منتخب ہونے کی صورت میں انہیں فوری طور پر لیگ چھوڑ کر رپورٹ کرنا ہوگا۔
سیریز میں شمولیت کی صورت میں لیگز سے علیحدگی لازم
ذرائع کا کہنا ہے کہ جس کھلاڑی کا نام سری لنکا اور آسٹریلیا کے خلاف ٹی20 سیریز میں شامل اسکواڈ میں آئے گا اسے اپنی موجودہ لیگ چھوڑنے کی پابندی ہوگی۔
این او سی کی مدت اور مستفید کھلاڑی
بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کے لیے پاکستانی کرکٹرز کو 14 دسمبر سے 28 جنوری تک این او سی جاری کیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی کھلاڑیوں کو بگ بیش لیگ میں شرکت کی اجازت مل گئی
پی سی بی کی جانب سے بابر اعظم، محمد رضوان، شاہین آفریدی، حارث رؤف، شاداب خان اور حسن علی کو بی بی ایل کے لیے این او سی جاری کیا گیا ہے۔
دوسری جانب فخر زمان، نسیم شاہ اور حسن نواز کو آئی ایل ٹی 20 کے لیے 4 جنوری تک این او سی دیے گئے ہیں۔
پاکستان ٹیم کا مصروف شیڈول
پاکستان ٹیم کو سری لنکا کے خلاف 7، 9 اور 11 جنوری کو تین میچوں پر مشتمل ٹی20 سیریز کھیلنی ہے جب کہ جنوری کے آخر میں آسٹریلیا بھی پاکستان کے دورے پر آئے گا جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی20 سیریز شیڈول ہے۔
مسلسل سفر کا چیلنج
سیریز کے لیے منتخب کھلاڑی پہلے آسٹریلیا سے سری لنکا جائیں گے۔ بعد ازاں ہوم سیریز کے لیے وطن واپسی کریں گے جس کے باعث پاکستانی کرکٹرز کو مسلسل سفر کے دباؤ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔














