وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے صوبہ پنجاب میں بلوچستان کے طلباء کی گرفتاری کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ بلوچستان صالح محمد ناصر کو ہدایات دی ہیں کہ محمکہ داخلہ پنجاب سے فوری طور پر رابطہ کرکے ان طلباء سے متعلق رپورٹ طلب کی جائے اور پنجاب کے اعلیٰ حکام کو اس حوالے سے آگاہ کیا جائے۔
وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ بلوچستان کے طلباء لاوارث نہیں، ہم ان کے وارث ہیں اور ہم اپنے بچوں کو دیگر صوبوں میں تعلیمی سرگرمیوں کے لیے بھجواتے ہیں نا کہ اُنہیں سیاست کی بھینٹ چڑھنے کے لیے، لیکن وہاں پر بلوچستان کے طلباء سے ناروا سلوک کیا جاتا ہے جو قابل مذمت اور باعث تشویش ہے۔
وزیر داخلہ بلوچستان کی طلباء سے اپیل
دوسری طرف وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے پنجاب میں زیر تعلیم تمام بلوچ و پشتون طلباء سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ سیاسی سرگرمیوں سے دور رہ کر اپنی تعلیم پر توجہ دیں جس مقصد کے لیے انہیں وہاں بھیجا گیا ہے کیونکہ ان سے صوبے اور ان کے والدین کو بہت سی توقعات وابستہ ہیں۔
حکومت بلوچستان کا پنجاب حکومت سے رابطہ
وزیر داخلہ بلوچستان کی ہدایت پراسسٹنٹ چیف سیکرٹری داخلہ (اے سی ایس) بلوچستان صالح محمد ناصر نے اے سی داخلہ پنجاب سے رابطہ کرتے ہوئے معاملے پر تفصیلی گفتگو کی، جس پر انہیں بتایا گیا کہ یہ تمام طلباء 9 مئی کے واقعات کے تناظر میں گرفتار کیے گئے ہیں۔ ان کی جانب سے یقین دہانی کرائی گی کہ بلوچستان کے طلباء کے ساتھ کوئی نااںصافی نہیں کی جائے گی اور جو لوگ غلط فہمی کی بناء پر گرفتار ہیں، انہیں جلد رہا کر دیا جائے گا۔