وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ملکی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دے دیا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عمران خان پاکستان کے لیے خطرہ ہیں اور ملک کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، جو کام دشمن بھی نہیں کرتا وہ پی ٹی آئی نے کیے۔
مزید پڑھیں: کیا حکومت نے پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کا فیصلہ کرلیا؟ طلال چوہدری نے واضح کردیا
انہوں نے کہاکہ عمران خان اور ان کی پارٹی ملک کو ڈیفالٹ کرانا چاہتی تھی، جس کے لیے آئی ایم ایف کو خطوط لکھے گئے۔
عطااللہ تارڑ نے کہاکہ پی ٹی آئی نے 9 مئی کو فوج کی تنصیبات پر حملے کیے۔
وزیر اطلاعات نے کہاکہ عمران خان کو اپنا سیاسی مستقبل نظر نہیں آ رہا اس لیے بیانیہ بنا رہے ہیں، جیل میں قید کسی بھی قیدی کی ملاقات قانون اور ضابطے کے مطابق ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ احمد شریف چوہدری نے آج پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی کو واضح کیا ہے کہ عمران خان کی سیاست اب ختم ہو چکی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کو درپیش بیشتر خطرات کا محور ایک ایسا شخص ہے جو اپنی ذات کا قیدی بن چکا ہے۔ یہ فرد اپنی خواہشات اور مفادات کو ریاستِ پاکستان سے بالاتر سمجھتا ہے، اور اس کا یہ طرزِ فکر ملک کی قومی سلامتی کے لیے واضح خطرہ بنتا جا رہا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ فوج کے پاس اب 9 مئی کا کوئی کیس نہیں، تمام سول کورٹس کو مکمل ہو چکے ہیں۔
خیبرپختونخوا میں ممکنہ گورنر راج سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ اس سے متعلق کوئی بھی فیصلہ حکومت کرےگی، فوج کا اس سے کوئی لینا دینا نہیں۔













