میٹرک امتحانات میں میں نقل نہ کرنے دینے اور امتحانی ہال میں سختی کرنے پر نوشہرہ میں مبینہ طور پر انتخابی ڈیوٹی دینے والے استاد کو تشدد کرکے زخمی کر دیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ صبح کے وقت نوشہرہ کے علاقے اکبر پورہ میں پیش آیا جہاں خیبراسلامک ماڈل سکول میں میٹرک بورڈ کے امتحانات میں ڈیوٹی سر انجام دینے والے استاز پر 5افراد نے حملہ کیا۔ حملہ آوروں نے ڈنڈوں سے ٹیچر کو لہولہان کر کے شدید زخمی دیا۔ زخمی استاد نے پولیس کو بتایا کہ حملہ آوروں کا کہنا تھا کہ ہال میں سختی کیوں کی۔
زخمی استاد کو میاں راشد حسین شہید میموریل ہسپتال پبی منتقل کردیا گیا جہاں ڈاکٹروں کے مطابق ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
واقعے کے بعد ڈی پی او آفس نوشہر ہ کا ایک بیان سامنے آیا جس کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس افیسر ناصر محمود نے اکبرپورہ میں سکول ٹیچر پر تشدد کا نوٹس لے لیا۔
اور ڈی پی او کی ہدایت پر ڈی ایس پی پبی گلشید اور ایس ایچ او اکبرپورہ جمشید خان اسپتال پہنچ گئے۔ انہوں نے اور سکول ٹیچر ابوبکر کی عیادت کی اور تفصیلات حاصل کیں۔ انہوں نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
خیبر پختونخوا میں میٹرک امتحانات میں نقل نہ کرنے دینے اور سختی کرنے پر یہ دوسرا نا خوش گوار واقعہ ہے۔
اس سے پہلے گزشتہ ہفتے بنوں کے علاقے ڈومیل میں طلبا بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ امتحانی ہال میں سختی ہو رہی ہے اور نقل کرنے نہیں دی جارہی ۔ طلبا نے توڑ پھوڑ کی، جس کے نتیجے میں 8افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔