انڈونیشیا کے صدر پرابووو سبیانتو 2 روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ اسلام آباد آمد پر صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
انڈونیشیا کے صدر کے ہمراہ اعلیٰ سطحی وفد بھی موجود ہے جس میں اہم وزرا اور سینیئر حکام شامل ہیں۔ یہ صدر پرابووو کا پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔
مزید پڑھیں: ملک میں خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو چکا، آنے والے دنوں میں مزید خوشخبریاں ملیں گی، وزیراعظم شہباز شریف
یہ دورہ اس اعتبار سے خصوصی اہمیت رکھتا ہے کہ پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے 75 برس مکمل ہورہے ہیں۔
اپنے قیام کے دوران، صدر پرابووو وزیراعظم محمد شہباز شریف کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات کریں گے، جبکہ وہ صدر آصف علی زرداری سے بھی ملاقات کریں گے۔
آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی صدر پرابووو سے ملاقات کریں گے۔
مزید پڑھیں: پاکستان اور کرغزستان نے تجارتی حجم 20 کروڑ ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق کیا ہے، وزیراعظم شہباز شریف
دونوں ممالک کے وفود دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور تعاون کے نئے شعبوں بشمول تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، صحت، آئی ٹی، ماحولیات، تعلیم اور ثقافت میں شراکت بڑھانے پر تبادلہ خیال کریں گے۔ اس کے علاوہ علاقائی اور عالمی سطح پر باہمی تعاون بڑھانے کے امور بھی زیرِ غور آئیں گے۔
دورے کے دوران متعدد مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہونے کی توقع ہے۔













