نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے گزشتہ شب اپنے ایرانی ہم منصب عباس عراقچی سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔
دونوں رہنماؤں نے پاک۔ایران دوطرفہ تعلقات اور خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ایران کا یورینیم افزودگی پروگرام جاری رہے گا، عباس عراقچی کا دوٹوک مؤقف
دفتر خارجہ کے مطابق اس موقع پر دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے امور پر ہونے والی حالیہ اعلیٰ سطحی ملاقاتوں اور رابطوں کو سراہا۔
گفتگو میں خطے کے امن، اقتصادی تعاون، سرحدی امور اور مشترکہ علاقائی چیلنجز پر بھی بات چیت ہوئی۔
اسحاق ڈار اور عباس عراقچی نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور ایران قریبی مشاورت کے ذریعے علاقائی استحکام اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنائیں گے۔
مزید پڑھیں: امریکی پابندیوں کو انسانیت کے خلاف جرم قرار دینے کا وقت آ گیا ہے، عراقچی
دونوں رہنماؤں نے اس ہفتے ترکمانستان کے شہر اشک آباد میں ہونے والے انٹرنیشنل فورم آف پیش اینڈ ٹرسٹ میں ایک دوسرے سے ملاقات کی امید بھی ظاہر کی۔
وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان ایران کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔














