چین نے پاکستان اور افغانستان پر زور دیا ہے کہ وہ بات چیت اور مشاورت کے ذریعے اختلافات کو حل کریں اور صورتحال کو کشیدہ ہونے سے بچائیں۔
چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان گو جیاؤکن کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے مشترکہ کوششیں کریں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان، چین، افغان وزرائے خارجہ کا اجلاس، سی پیک کو افغانستان تک توسیع دینے پر اتفاق
ان کا بیان 5 دسمبر کی رات پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہونے والی جھڑپوں کے بعد سامنے آیا، جو اکتوبر کے وسط میں طے پانے والی فائر بندی کے بعد پہلا بڑا تصادم تھا۔
ان جھڑپوں میں متعدد شہری ہلاکتوں کی بھی اطلاعات ہیں۔
مزید پڑھیں: افغانستان اور تاجکستان بارڈر پر چینی شہریوں کے خلاف سنگین دہشتگرد منصوبہ بے نقاب
منگل کے روز اپنی معمول کی پریس بریفنگ میں گو جیاؤکن نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان روایتی طور پر چین کے دوست پڑوسی ہیں اور یہ دونوں ایسے پڑوسی ہیں جنہیں ’کہیں ہلایا نہیں جا سکتا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ چین بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر پاکستان اور افغانستان کے تعلقات کی بہتری اور ترقی کے لیے تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔













