پاکستان میں موٹر سائیکل اور تھری ویلرز کی مارکیٹ میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔ مالی سال 26-2025 کے پہلے پانچ ماہ کے دوران موٹر سائیکل اور تھری-ویلر کی فروخت میں حیران کن اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جو مارکیٹ کی طلب کی واضح عکاسی کرتا ہے۔
پاکستان آٹو موبائل مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن (PAMA) کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 26-2025 کے پہلے 5 ماہ میں ملک میں موٹر سائیکلوں اور تھری-ویلرز کی فروخت میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 31.88 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مالی سال 26-2025 میں گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور رکشوں کی فروخت میں ریکارڈ اضافہ
اعداد و شمار کے مطابق جولائی تا نومبر 2025 کے دوران مینوفیکچررز نے مجموعی طور پر 762,778 موٹر سائیکل اور تھری-ویلر یونٹس فروخت کیے، جبکہ 2024 کی اسی مدت میں یہ تعداد 578,364 یونٹس تھی۔
صنعتی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس مجموعی اضافے کی وجہ دو اور تین پہیوں والی گاڑیوں کی مارکیٹ میں مضبوط طلب اور صارفین کے بڑھتے ہوئے اعتماد کو قرار دیا جا سکتا ہے تاہم برانڈ اور ماڈل کے لحاظ سے فروخت میں فرق دیکھا گیا ہے۔














