پاک فضائیہ کی ایئر مین اکیڈمی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ، 1155 ملکی و غیرملکی ٹرینیز کی تربیت مکمل

جمعہ 19 دسمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاک فضائیہ ایئر مین اکیڈمی، کورنگی میں آج ٹرینیز انٹریز نمبر 2306، 2406 اور 2412 کی پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اس موقع پر صدر این اے ایس ٹی پی ایڈوائزری بورڈ مہمان خصوصی کے طور پر موجود تھے جنہیں ایئر آفیسر کمانڈنگ، پی اے ایف ایئر مین اکیڈمی نے خوش آمدید کہا۔ پریڈ میں پاکستان فضائیہ، پاکستان نیوی اور دیگر ملکی و غیر ملکی ممالک کے 1155 ٹرینیز نے تربیت کامیابی کے ساتھ مکمل کی۔

یہ بھی پڑھیے: پاکستان نیول اکیڈمی میں شاندار پاسنگ آؤٹ پریڈ، فیلڈ مارشل عاصم منیر کی شرکت

پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیت، لڑائی کی تیاری اور بین الاقوامی سطح پر پذیرائی کو سراہا۔ انہوں نے اکیڈمی کی جدید اور مستقبل کے مطابق تربیت پر روشنی ڈالی جو ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر صدیقی، چیف آف ایئر اسٹاف کے وژن کے مطابق ہے تاکہ ابھرتے ہوئے جنگی چیلنجز کا سامنا کیا جا سکے۔

مہمان خصوصی نے پاک فضائیہ کی عملی کامیابیوں بشمول مؤثر کثیر شعبہ جاتی آپریشنز اور ہر محاذ پر تیاریوں پر زور دیا۔

یہ بھی پڑھیے: پی ایم اے کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ: کیڈٹس کا دفاع وطن کے لیے ہر قربانی دینے کے عزم کا اعادہ

پریڈ کے دوران بہترین کارکردگی دکھانے والے ٹرینیز کو ٹرافیاں دی گئیں۔ ایئرکرافٹ مین سارجنٹ احمد حسین عارف کو چیف آف ایئر اسٹاف ٹرافی برائے مجموعی بہترین کارکردگی، ائرکرافٹ مین حمزہ علی کو اسغر خان ٹرافی، ائرکرافٹ مین احمد حسین عارف کو نور خان ٹرافی، اکیڈمی سارجنٹ ائرکرافٹ مین شفاعت نور کو ایئر آفیسر کمانڈنگ ٹرافی جبکہ سری لنکا کے ایل اے سی ٹی ایچ جی این ڈی ہیراٹھ کو بہترین غیر ملکی ٹرینی ٹرافی سے نوازا گیا۔

مہمان خصوصی نے فارغ التحصیل ایئر مین اور ان کے والدین کو مبارکباد دی اور اکیڈمی کے عملے کی محنت اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp