آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرأت، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز نے اپنے سرکاری دورۂ سعودی عرب کے دوران سعودی عرب کے وزیرِ دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان علاقائی سلامتی کی صورتحال، دفاعی و عسکری تعاون، اسٹریٹجک اشتراک اور بدلتے جغرافیائی و سیاسی چیلنجز پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ بھی کیا گیا۔
مزید پڑھیں: پاکستان کا بڑا اعزاز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اعلیٰ ترین سعودی میڈل سے سرفراز
آئی ایس پی آر کے مطابق خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے شاہی فرمان کے تحت فیلڈ مارشل عاصم منیر کو کنگ عبدالعزیز میڈل سے نوازا گیا، جو سعودی عرب کا اعلیٰ ترین قومی اعزاز ہے۔
یہ اعزاز فیلڈ مارشل عاصم منیر کی مثالی عسکری خدمات، قائدانہ صلاحیتوں اور پاکستان و سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون، اسٹریٹجک ہم آہنگی اور ادارہ جاتی روابط کے فروغ میں ان کے کلیدی کردار کے اعتراف میں دیا گیا۔ اعزاز ان کی دہشتگردی کے خلاف تعاون اور خطے میں امن و استحکام کے لیے خدمات کا بھی عکاس ہے۔

سعودی قیادت نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی پیشہ ورانہ مہارت اور اسٹریٹجک وژن کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ان کے عزم کی تعریف کی۔
مزید پڑھیں: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ملک کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز کی حیثیت سے گارڈ آف آنر پیش
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اعزاز پر خادمِ حرمین شریفین اور سعودی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پائیدار اور مضبوط تعلقات کی علامت ہے۔ انہوں نے مملکتِ سعودی عرب کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا بھی اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کنگ عبدالعزیز میڈل کی یہ تقریب پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کی گہرائی اور علاقائی و عالمی امن کے لیے مشترکہ عزم کی واضح عکاسی کرتی ہے۔














