ممبر پاکستان بار کونسل احسن بھون نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے پراپرٹی آونرشپ آرڈیننس سے متعلق بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بیان غیر مناسب اور غیر سنجیدہ ہے اور اسے واپس لیا جانا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب پروٹیکشن آف پراپرٹی قانون کی معطلی، کیا یہ قانون جاتی عمرہ کے لیے بھی خطرناک تھا؟
احسن بھون نے پریس کانفرنس میں کہا کہ جن افراد نے آرڈیننس تیار کیا اور غلط مشورہ دیا، انہیں ہٹا دیا جائے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ کے بیان کو معزز چیف جسٹس کے کیریئر کے خلاف قرار دیتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس نے ہمیشہ آئین اور قانون کے مطابق کام کیا اور ان کے خلاف نہ تو اپوزیشن نے اور نہ ہی حکومت نے کبھی کوئی شکایت کی۔

احسن بھون نے مزید کہا کہ عدالتیں لگانا حکومت کا کام نہیں، اگر حکومت نے اس سلسلے میں اپنا رویہ جاری رکھا تو وکلا سڑکوں پر احتجاج کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے تعلیم اور صحت کے شعبوں میں اچھا کام کیا ہے جسے وہ سراہتے ہیں، لیکن قانونی معاملات میں اس کا رویہ قابل قبول نہیں۔














