الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے نظرثانی شدہ شیڈول جاری کر دیا ہے۔ نئے شیڈول کے مطابق کاغذاتِ نامزدگی سے لے کر پولنگ اور نتائج کے استحکام تک تمام مراحل کی تاریخوں کا اعلان کر دیا گیا ہے، جبکہ پولنگ 16 فروری 2026 کو ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں:الیکشن کمیشن کا اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا اعلان
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ نظرثانی شدہ شیڈول آئینِ پاکستان، الیکشن ایکٹ 2017 اور اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015 کے تحت جاری کیا گیا ہے۔ شیڈول عوامی مفاد کے پیش نظر نافذ العمل ہوگا۔
نظرثانی شدہ شیڈول کے مطابق کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کی تاریخیں 22 اور 23 دسمبر 2025 مقرر کی گئی ہیں، جبکہ امیدواروں کی جانب سے کاغذات واپس لینے کی آخری تاریخ 30 دسمبر 2025 ہوگی۔

کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال یکم جنوری سے 6 جنوری 2026 تک مکمل کی جائے گی۔ منظور یا مسترد کیے گئے کاغذات کے خلاف اپیلیں 10 جنوری 2026 تک دائر کی جا سکیں گی، جبکہ اپیلیٹ اتھارٹی کی جانب سے فیصلے 15 جنوری 2026 تک سنائے جائیں گے۔
نظرثانی شدہ اور حتمی امیدواروں کی فہرستیں 16 اور 17 جنوری 2026 کو جاری کی جائیں گی۔ انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ اور امیدواروں کی حتمی فہرست کی اشاعت 19 جنوری 2026 کو ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کب ہوں گے؟
نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ 16 فروری 2026 کو ہوگی، جبکہ نتائج کا استحکام 19 فروری 2026 کو مکمل کیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ تمام ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اور ریٹرننگ افسران پولنگ ڈے تک اپنے دفاتر میں موجود رہیں گے۔ پولنگ کا وقت صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک ہوگا، جبکہ مقررہ شیڈول میں دی گئی تمام سرگرمیاں تعطیلات کے دوران بھی جاری رہیں گی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے یہ شیڈول گزیٹ آف پاکستان میں اشاعت کے لیے بھی جاری کر دیا ہے۔














