پاکستان مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین، سابق قائد ایوان سینیٹ اور سینئر سیاستدان سینیٹر راجہ محمد ظفر الحق علیل ہو گئے ہیں۔ ان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں انہیں بستر پر دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو پیغام میں راجہ ظفر الحق کا کہنا ہے کہ وہ خیریت سے ہیں تاہم صبح ناشتہ کرنے کے بعد بستر کے قریب گرنے سے ان کی ہڈی ٹوٹ گئی تھی۔
بزرگ مسلم لیگی رہنما راجہ ظفر الحق علیل ہیں۔ اللہ پاک انہیں صحت کاملہ عطا کریں، آمین pic.twitter.com/wts5KYjE8k
— Rizwan Ghilzai (Remembering Arshad Sharif) (@rizwanghilzai) December 26, 2025
واضح رہے کہ گھر میں گرنے کے باعث راجہ ظفر الحق کو فریکچر ہوا جس کے بعد انہیں اسلام آباد کے ایک اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا آپریشن کیا گیا۔ کامیاب آپریشن کے بعد انہیں اسپتال سے گھر منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ ڈاکٹرز نے انہیں مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔
راجہ ظفر الحق کا سیاسی پس منظر
راجہ ظفر الحق پاکستانی سیاست کے تجربہ کار اور سنجیدہ مزاج رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں۔ پیشے کے لحاظ سے وہ وکیل ہیں۔ 18 نومبر 1935 کو راولپنڈی کی تحصیل کہوٹہ کے نواحی علاقے مٹور میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے 1956 میں گورنمنٹ کالج لاہور سے گریجویشن مکمل کرنے کے بعد عملی سیاست کا آغاز پاکستان مسلم لیگ سے کیا۔
وہ 1971 سے 1981 تک مسلم لیگ راولپنڈی کے جنرل سیکرٹری رہے۔ 1981 سے 1985 کے دوران انہیں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات اور وزیر مذہبی امور کی ذمہ داریاں سونپی گئیں۔ 1985 میں وہ مصر میں پاکستان کے سفیر مقرر ہوئے جبکہ 1986 میں اس وقت کے وزیراعظم محمد خان جونیجو کے مشیر رہے۔
یہ بھی پڑھیں: 28مئی سے قبل کس نے ایٹمی دھماکوں کی مخالفت کی تھی؟ راجا ظفرالحق کے انکشافات
1991 میں پہلی مرتبہ سینیٹ کے رکن منتخب ہوئے۔ 1992 میں انہیں مسلم ممالک کی نمائندہ تنظیم موتمرالعالم اسلامی کا جنرل سیکرٹری منتخب کیا گیا۔ 1996 میں راجہ ظفر الحق مسلم لیگ کے مرکزی نائب صدر بنے جبکہ 1997 سے 1999 تک وہ قائد ایوان سینیٹ اور وفاقی وزیر مذہبی امور کے عہدے پر فائز رہے۔
سال 2000 میں انہیں پاکستان مسلم لیگ (ن) کا چیئرمین منتخب کیا گیا۔ اور وہ 2018 سے 2021 تک سینیٹ میں قائدِ حزبِ اختلاف رہے۔














