پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) یوتھ ونگ کے سابق رہنما راؤ یاسر نے ساتھیوں سمیت پارٹی چھوڑنے اور نئی پارٹی بنانے کا اعلان کر دیا، راؤ یاسر نے یوم شہدا کے موقع پر نئی پارٹی تحریک انصاف حقیقی بنانے کا اعلان کیا۔
9 مئی کے پر تشدد واقعات کے بعد اب تک درجنوں سینئررہنما پارٹی چھوڑ چکے ہیں، 21 مئی کو ملتان میں پی ٹی آئی یوتھ ونگ کے رہنما راؤ یاسر نے بھی اپنے 50 ساتھیوں سمیت پارٹی سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔
سابق یوتھ ونگ رہنما راؤ یاسر نے ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی پر زور مذمت کرتا ہوں، ان واقعات میں ملوث افراد کو سخت سزا ملنی چاہئے۔
’ملک میں بدامنی کے واقعات کا ذمہ دارعمران خان ہے، نوجوانوں کو بہکا کر حساس اداروں پر حملے کرائے گئے۔‘
راؤ یاسر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی قیادت نے جو کارکنان جیل میں ہیں ان سے لاتعلقی کا اعلان کیا کوئی بھی ہماری ذمہ داری لینے کو تیار نہیں ہے۔
مزید پڑھیں
جیلوں میں قید بے گناہ لوگوں کے لیے آواز اٹھاؤں گا انکو رہا کروا کر اپنی پارٹی میں شمولیت کی دعوت دوں گا۔‘
راؤ یاسر نے مزید کہا کہ نئی پارٹی میں ایسے لوگوں کو ساتھ لے کر چلیں گے جو مخلص ہوں گے، پورے پاکستان کی یوتھ کو اکٹھا کریں گے، نوجوان قیادت کو آگے لے کر آئیں گے اور پاکستان کو اس بھنور سے نکالیں گے۔