پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں 2 نئی ٹیموں کے اضافے کے عمل میں اہم مرحلہ طے ہو گیا ہے، جہاں پاکستان کرکٹ بورڈ نے بولی کے دوسرے مرحلے کے لیے اہل سرمایہ کاروں کی فہرست جاری کر دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل فرنچائزز کو فی ایڈیشن 85 کروڑ روپے کی ضمانت
میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پی ایس ایل کی 2 نئی فرنچائزز کے حقوق فروخت کرنے کے لیے بولی کے دوسرے مرحلے میں 10 بولی دہندگان کو شارٹ لسٹ کر لیا ہے۔ پی سی بی کی جانب سے ہفتے کو جاری بیان میں بتایا گیا کہ بولی کمیٹی نے موصول ہونے والی تجاویز کا تکنیکی جائزہ مکمل کر لیا ہے۔
پی سی بی کے اعلامیے کے مطابق بولی کمیٹی نے ان 10 بولی دہندگان کو تکنیکی معیار پر پورا اترنے کے بعد اگلے مرحلے کے لیے اہل قرار دیا ہے۔ بورڈ کو مجموعی طور پر 12 تجاویز موصول ہوئی تھیں، جن کا گزشتہ تین روز کے دوران تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اس سے قبل پی سی بی نے بتایا تھا کہ امریکا، آسٹریلیا، کینیڈا، متحدہ عرب امارات اور پاکستان سے تعلق رکھنے والے سرمایہ کاروں نے نئی فرنچائزز خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
تکنیکی طور پر اہل قرار پانے والے یہ 10 بولی دہندگان اب 8 جنوری 2026 کو جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ہونے والی نیلامی میں حصہ لیں گے، جہاں پی ایس ایل کی 2 نئی ٹیموں کے فرنچائز حقوق فروخت کے لیے پیش کیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل میں 2 نئی ٹیموں کی شمولیت، پی سی بی نے اہم اعلان کردیا
پی سی بی کے مطابق کامیاب بولی دہندگان کو راولپنڈی، حیدرآباد، فیصل آباد، گلگت، مظفرآباد اور سیالکوٹ میں سے اپنی فرنچائز کے لیے شہر کے انتخاب کا اختیار حاصل ہو گا۔
پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر نے تکنیکی معیار پر پورا اترنے والے بولی دہندگان کو مبارکباد دیتے ہوئے مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی بھرپور دلچسپی کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ لیگ کی توسیع ایک اور اہم سنگِ میل ثابت ہو گی اور نیلامی کے لیے تیاریاں مکمل کی جا رہی ہیں۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل کا آغاز 2016 میں پانچ ٹیموں سے ہوا تھا، جس میں 2018 میں چھٹی ٹیم کا اضافہ کیا گیا۔ آئندہ 11ویں ایڈیشن سے لیگ میں مزید 2 ٹیمیں شامل کی جائیں گی، جس کے بعد فرنچائزز کی مجموعی تعداد آٹھ ہو جائے گی، جو گزشتہ سات برس میں لیگ کی پہلی بڑی تنظیم نو ہو گی۔














