شہیدوں اور غازیوں کی سرزمین چکوال میں افواجِ پاکستان کے لیے محبت اور احترام کا ایک شاندار مظاہرہ دیکھنے میں آیا۔ میاں گروپ آف چکوال (MGC) اور فاروقی گروپ کی جانب سے ’ہماری فوج ہمارا فخر ہے‘ کے عنوان سے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ان کی عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
تقریب کا مقصد فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور افواج پاکستان کو آپریشن بنیان المرصوص اور معرکۂ حق میں تاریخی کامیابی پر خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔
تقریب کے شرکا
تقریب میں تمام مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد، معززین شہر، اساتذہ، سیاسی اور سماجی شخصیات، ممبران قومی و صوبائی اسمبلی، اور طلباء نے بھرپور شرکت کی۔ طلباء نے ملی نغموں اور تقاریر کے ذریعے پاک فوج کو زبردست ٹریبیوٹ پیش کیا، جبکہ شہداء کے اہلِ خانہ کے لیے شیلڈز اور تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔
منتظمین کا پیغام
تقریب کے منتظمین چوہدری نعمان افتخار اور شیخ ریاض فاروقی نے وی نیوز کو بتایا کہ
جو اعتماد فیلڈ مارشل صاحب نے ہمیں دیا، اس کا کوئی متبادل نہیں۔ ان کے کردار اور قربانیوں کو الفاظ میں بیان کرنا کم ہے، اور یہ عزت اللہ کی جانب سے دی گئی ہے۔ معرکۂ حق اور باطل میں ان کی خدمات ہمارے لیے قابل تقلید اور مشعلِ راہ ہیں۔
شرکاء کے تاثرات
اینکر پرسن فرح سعدیہ نے کہا کہ یہ تقریب قوم اور فوج کے مضبوط رشتے کی عکاس ہے۔
سابق سینئر ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل عبدالقیوم نے کہا کہ قوم اور فوج کا اتحاد ہی پاکستان کی اصل طاقت ہے۔
تقریب حب الوطنی، قربانی اور اتحاد کا پیغام لیے ہوئی تھی، اور چکوال کی فضاء ’پاک فوج زندہ باد‘ اور ’پاکستان زندہ باد‘کے نعروں سے گونج اُٹھی۔














