سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں کارروائی کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 5 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے میجر شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے باجوڑ کے علاقے میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا۔
مزید پڑھیں: بھارت کی ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ
آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشتگردوں کو ہلاک کیا، تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران میجر عدیل زمان جام شہادت نوش کرگئے۔
میجر عدیل زمان اپنے دستے کی قیادت کر رہے تھے، جہنوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جان وطن پر قربان کی۔
ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کے قبضے سے ہتھیار اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ یہ دہشتگرد سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف متعدد دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے اور معصوم شہریوں کے قتل میں بھی شامل تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود دیگر بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کو ہلاک کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
مزید پڑھیں: بنوں میں دہشتگردی کا نشانہ بننے والے اسسٹنٹ کمشنر کون تھے؟
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ’عزمِ استحکام‘ کے وژن کے تحت غیر ملکی حمایت یافتہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔














