جنرل باجوہ کی نئی تصویر سوشل میڈیا پر زیرِ بحث

جمعرات 25 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آج ملک بھر میں یوم تکریم شہدائے پاکستان منایا جا رہا ہے جس کی مرکزی تقریب جنرل ہیڈ کوارٹرز(جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ہوئی۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی آرمی چیف جنرل عاصم منیر تھے،  پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھی شرکت کی لیکن تقریب میں کچھ نگاہوں کا مرکزسابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ رہے۔

جنرل عاصم منیر کے ساتھ جنرل قمر جاوید باجوہ کی تصویر دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئی جس نے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث کا آغاز کر دیا۔

بعض صارفین کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ موجودہ اور سابق آرمی چیف کی ایک ساتھ تصویر سب کو پیغام ہے کہ ہم ایک ہیں اور ایک رہیں گے، جبکہ بعض کا کہنا تھا کہ اس تصویر کو دیکھ کر سیاستدانوں کو بھی کچھ سیکھنا چاہیے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما ندیم افضل چن کا کہنا تھا کہ کاش ہم سیاستدان بھی اس تصویر سے کچھ سیکھ سکتے۔

صحافی حامد میر نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ اس تصویر میں سیاستدانوں کے لیے ایک سبق ہے وہ یہ کہ 2018 کے پراجیکٹ عمران خان کا ماسٹر مائنڈ جنرل باجوہ تھے جس کا نتیجہ 9 مئی 2023 کو سامنے آیا اور اس پراجیکٹ کی عمارت کو زمین بوس کرنے والے جنرل عاصم منیر نے آج جنرل باجوہ کو اپنے ساتھ بٹھا لیا لیکن عمران خان اور شہباز شریف آج بھی ایک ساتھ بیٹھنے کو تیار نہیں۔

ذیشان حیدر مگسی نامی صارف نے جنرل عاصم منیر اور سابق آرمی چیف جنرل باجوہ کی تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ عمران خان کے سابقہ بیسٹ فرینڈ جناب قمر جاوید باجوہ صاحب۔

 صحافی طلعت حسین نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ اس موقع سے قطع نظر یہ افسوسناک تصویر ہے۔ جنرل باجوہ قطعی اس کے مستحق نہیں ہیں۔

صحافی اسد کھرل نے کہا کہ شخصیات یا کسی سیاسی جماعت سے وفاداری اور ذاتی مفاد پر قومی مفاد کو ترجیح دینے والے ہی ہمیشہ عزت و تکریم کے قابل ہوتے ہیں۔

سینیٹر مشتاق احمد خان نے سوال کیا کہ اس تقریب میں جنرل(ر) باجوہ کےبیٹھنے کی حکمت کوئی بتا سکتا ہے؟ انہوں نے پوچھا کیا جنرل (ر) باجوہ کا کبھی محاسبہ ہو گا؟

فرحاد جرال نے کہا کہ عمران خان کہتے تھے کہ وہ دہشتگردوں کے ساتھ بیٹھ کر مذاکرات کر سکتے ہیں لیکن اپنے سیاسی حریفوں مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے ساتھ کبھی نہیں بیٹھیں گے، انہوں نے کہا کہ یہ تصویر انہیں ضرور پریشان کرے گی۔

شمع جونیجو نے یومِ تکریم شہدا کی تقریب سے وائرل ہونے والی جنرل عاصم منیر اور جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کی تصویر کے ساتھ لکھا ’خاموش پیغام‘۔

یومِ تکریم شہداءِ پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل عاصم منیر نے کہا کہ جو کچھ 9 مئی کو ہوا، وہ انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔ شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی اور ان کے وقار کو مجروح کرنے والوں کو قوم نہ معاف کرے گی نہ ہی بھولے گی اور ایسے امر کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp