چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر علی نے کہا ہے کہ عمران خان سے فیملی کی ملاقات ضرور ہونی چاہیے، اس پر سیاست نہ کی جائے، ہم ہر بار ملاقات کی بھیک مانگ کر جو مایوس واپس جاتے ہیں اس میں اپنوں کا بھی ہاتھ ہے۔
راولپنڈی کے اڈیالہ روڈ پر واقع داہگل ناکے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہم حالات میں بہتری کے لیے ملاقات کی درخواست کرتے رہتے ہیں، اب تو سال 2025 بھی گزر چکا ہے اور حالات میں تبدیلی آنی چاہیے۔
ہم ہر ہفتے بعد یہاں آ کر واپس چلے جاتے ہیں،
لیکن عمران خان سے ملنے نہیں دیا جاتا،
اس میں ہمارے بھی کچھ اپنے دوستوں کا ہاتھ شامل ہے،
میں سمجھتا ہوں احتجاج اپنی جگہ لیکن مزاکرات بھی ہونے چاہیے، مزاکرات سے ہی حل نکلے گا، بیرسٹر گوہر علی خان pic.twitter.com/eVheoaaDUh— Wahab Khan (@PkLeaderVoice) December 30, 2025
بیرسٹر گوہر نے کہاکہ تحریک اپنی جگہ موجود ہے، تاہم بات چیت اور مذاکرات کا عمل بھی ضروری ہے۔ موجودہ حالات جن تقاضوں کا مطالبہ کر رہے ہیں، مذاکرات اس انداز میں نہیں ہو پا رہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے اربابِ اختیار سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ حالات کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے بردباری کا مظاہرہ کیا جائے اور قوم کے بچوں کے مستقبل پر رحم کیا جائے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہاکہ 2025 میں دشمن کے ساتھ سیز فائر ہوگیا لیکن ہمارا آپس میں تناؤ نہیں ختم ہوا، اب لگتا ہے کہ 2026 بھی نااہلیوں اور سزاؤں کا سال ہو گا۔
مزید پڑھیں: عمران خان سے ملاقات کی پھر کسی کو اجازت نہ ملی، علیمہ خان کا جیل کی جانب پیدل مارچ
واضح رہے کہ منگل کو بانی پی ٹی آئی عمران خان سے فیملی ارکان اور وکلا کی ملاقات کا دن ہوتا ہے، لیکن کچھ وقت سے حکومت نے ملاقاتوں پر پابندی عائد کررکھی ہے، اور آج بھی کسی کو ملاقات کی اجازت نہیں ملی۔














