چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی علاقائی سالمیت کی کسی بھی خلاف ورزی کا سخت اور فیصلہ کن جواب دیا جائےگا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں 18ویں قومی ورکشاپ برائے بلوچستان کے شرکا سے ملاقات کی۔
مزید پڑھیں: پاک بھارت جنگ میں 7 طیارے تباہ ہوئے: ٹرمپ نے ایک بار پھر ذکر چھیڑ دیا
ورکشاپ کا محور بلوچستان کی معاشی و سماجی ترقی اور پاکستان کے لیے اس کی اسٹریٹجک اہمیت پر غور کرنا تھا۔

جنرل عاصم منیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا بھارتی حمایت یافتہ گروہ بدامنی پھیلا کر بلوچستان کی ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے مستقبل کو تمام شہریوں کے لیے طویل مدتی خوشحالی سے مربوط بنانے کے لیے سیاسی مفادات کو مسترد کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ سیکیورٹی فورسز کی سخت کارروائیوں کے ذریعے ایسے خطرناک منصوبے ناکام بنائے جائیں گے تاکہ صوبے کو دہشتگردی اور غیر یقینی صورتحال سے پاک کیا جا سکے۔
’پاک فوج شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر وقت سرگرم اور پرعزم ہے‘
علاقائی امن و استحکام کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ملکی سالمیت کی کسی بھی خلاف ورزی کا سخت جواب دیا جائےگا۔ پاک فوج شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر وقت سرگرم اور پرعزم ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان کے عوام کی ثابت قدمی اور حب الوطنی کو سراہا اور صوبے کی ملکی خوشحالی اور ترقی میں بنیادی اہمیت کو اجاگر کیا۔
انہوں نے بلوچستان میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے جاری اقدامات کو سراہتے ہوئے کہاکہ یہ منصوبے عوامی مرکزیت کے تحت صوبے کے سماجی و اقتصادی حالات کو بہتر بنانے اور اس کی وسیع معاشی صلاحیت کو عوام کے فائدے کے لیے کھولنے پر مرکوز ہیں۔

انہوں نے سول سوسائٹی کے تعمیری کردار کو تسلیم کیا، خاص طور پر پروپیگنڈا کے تدارک میں ان کی خدمات کو سراہا اور صوبے میں پائیدار ترقی کے فروغ میں ان کی اہمیت پر زور دیا۔
مزید پڑھیں: ملکی سالمیت سب سے مقدم، معرکہ حق میں فیلڈ مارشل نے قائدانہ کردار ادا کیا، ایئر چیف
ورکشاپ کا اختتام سوال و جواب کے آزادانہ سیشن کے ساتھ ہوا، جس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شرکا کے سوالات کے جوابات دیے اور بلوچستان کی ترقی اور سیکیورٹی کے حوالے سے جاری اقدامات پر مزید وضاحت فراہم کی۔














