پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں محمد سہیل عدنان اور محمد مصطفیٰ نے ایک اور بین الاقوامی میدان میں ملک کا نام روشن کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: انٹرنیشنل اسکواش چیمپیئن شپ، پاکستانی کھلاڑی نورزمان نے ٹائٹل جیت لیا
بہاولپور کے باصلاحیت نوجوان محمد سہیل عدنان کی شاندار کارکردگی کی بدولت پاکستان نے اسکاٹ لینڈ میں منعقدہ انڈر-15 اسکواش چیمپیئن شپ جیت لی۔
فائنل میچ میں محمد سہیل عدنان نے چین کے یوان زی کو 11-7, 11-9, 11-7 سے شکست دی۔
اس فتح نے پاکستان کی انڈر 19 اسکواش کمیونٹی کے لیے ایک شاندار باب کھول دیا ہے جو اپنی شاندار تاریخ اور حالیہ عالمی کامیابیوں کی کوششوں کے لیے جانا جاتا ہے۔
مزید پڑھیے: اسکواش فائنل میں بہنیں مدمقابل، ماہ نور نے سحرش کو ہرادیا، والد کس کی طرف؟
یہ سہیل عدنان کی پہلی بڑی کامیابی نہیں ہے۔ اس سال کے آغاز میں انہوں نے جنوبی کوریا میں منعقدہ 32ویں ایشین انڈر-13 جونیئر اسکواش چیمیپئن شپ میں بھی پہلی پوزیشن حاصل کی تھی اور اپنی شاندار کھیل کی بدولت پاکستان کا نام بلند کیا تھا۔

اسکاٹ لینڈ کے علاوہ سہیل عدنان ایشین جونیئر انڈیویژول اسکواش چیمیپئن شپ میں بھی مقابلہ کر رہے ہیں۔ کوارٹر فائنل میں انہوں نے بھارت کے ابھاد سنگھ کو 3-0 (11-3, 11-9, 11-4) سے شکست دی اور سیمی فائنل میں پہنچ گئے جو اگلے دن کھیلا جائے گا۔
محمد سہیل عدنان کو اس وقت پاکستانی فوج کے ‘ینگ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام’ کے تحت تربیت دی جا رہی ہے جو نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو پہچاننے اور انہیں بین الاقوامی سطح پر مقابلہ کے لیے تیار کرنے کا منصوبہ ہے۔
مزید پڑھیں: بلوچستان کے اسکواش کھلاڑی شاہد مسعود خان نے یورپ و امریکا میں کامیابی کے جھنڈے گاڑدیے
اس پروگرام کی منظم تربیت اور بہترین مقابلہ کے مواقع خاص طور پر چھوٹے شہروں کے نوجوانوں کے لیے تعریف کے قابل ہیں۔
محمد مصطفیٰ کی انڈر 13 میں شاندار کامیابی
اسکاٹش چمپین شپ کے انڈر 13 کییٹگری کے فائنل میں محمد مصطفیٰ نے ہانگ کانگ کے سیکنڈ سیڈ نکولس من سوہ کو شکست دی۔
یہ بھی پڑھیے: اسکواش میں پاکستان کی بتدریج واپسی، حمزہ خان گولڈن اوپن چیمپیئن شپ جیت گئے
واضح رہے کہ پاکستان کی اسکواش کی تاریخ کئی عالمی چیمپیئنز پیدا کر چکی ہے اور حالیہ برسوں میں اس کھیل کو دوبارہ فروغ دینے پر زور دیا جا رہا ہے۔
سہیل عدنان کی اسکاٹ لینڈ اور ایشیا میں کامیابیاں ملک کے لیے امید کی کرن سمجھی جا رہی ہیںامید ہے کہ باقاعدہ تربیت اور رہنمائی کے ساتھ وہ ملک کے لیے مزید کامیابیاں حاصل کریں گے اور پچھلے عظیم کھلاڑیوں کے نقش قدم پر چلیں گے۔














