معروف اینکر اور پروگرام میزبان اقرار الحسن نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ذریعے ممکن نہیں، بلکہ یہ صرف ان کی نئی تحریک کے ذریعے ممکن ہو سکے گی۔
ایک انٹرویو میں اقرار الحسن نے کہا کہ پی ٹی آئی سے اگلے سو سالوں میں بھی یہ توقع نہ رکھیں کہ یہ عمران خان کو رہا کروا سکتی ہے۔ جس پارٹی میں ہر شخص دوسرے پر اعتماد کرنے کو تیار نہیں اور ایک دوسرے کو ٹاؤٹ کہہ رہا ہے وہ کبھی بھی ایسا نہیں کر سکتی۔
پی ٹی آئی جس طرح چل رہی ہے یہ کبھی بھی عمران خان کو رہا نہیں کروا سکتی۔
عمران خان کی رہائی صرف ایک نئی اور منظم قومی اور عوامی جماعت ممکن بنا سکتی ہے، اس اصول کے تحت کہ آج سے پہلے بھی سیاسی انتقام غلط تھا، آج بھی غلط ہے اور آئیندہ کبھی نہیں ہونا چاہئے۔ pic.twitter.com/zrSWlgPJLo— Iqrar ul Hassan Syed (@iqrarulhassan) January 1, 2026
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو ہماری تحریک رہا کروائے گی۔عمران خان کی رہائی صرف ایک نئی اور منظم قومی اور عوامی جماعت ممکن بنا سکتی ہے، جس کا مقصد سیاسی انتقام کے عمل کو ختم کرنا اور آئندہ اسے روکنا ہے۔
اقرار الحسن کا کہنا تھا کہ آج سے پہلے بھی سیاسی انتقام غلط تھا، آج بھی غلط ہے اور آئندہ کبھی نہیں ہونا چاہیے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ کو روکنے کے لیے عمران خان کو سیاسی انتقام سے بچانا ہو گا اور اس سلسلے کو روکنا ہو گا۔
یہ بھی پڑھیں: برطانیہ میں عمران خان کے پوسٹر والے ٹرک پر نامعلوم افراد نے سیاہی پھینک دی
واضح رہے کہ معروف اینکر اقرار الحسن نے پاکستان میں تبدیلی لانے کا دعویٰ کرتے ہوئے نئی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرا سیاست میں آنے کا واحد مقصد عوام کو بااختیار بنانا اور حقیقت میں نیا پاکستان بنانا ہے جس کا وعدہ تو کیا گیا مگر عملی جامع نہیں پہنایا گیا۔
انہوں نے پارٹی کا نام بتائے بغیر یہ بھی بتایا کہ نئی سیاسی جماعت 15 جنوری 2026 کو لانچ کرنے جارہا ہوں اور ہم پھر الیکشن کی بھرپور تیاری کریں گے۔














