نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم اور بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کی چیئرپرسن بیگم خالدہ ضیاء کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزارتِ خارجہ کے ترجمان کے دفتر سے جاری تعزیتی پیغام میں اسحاق ڈار نے کہا کہ بیگم خالدہ ضیاء کے انتقال کی خبر انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے، اور اپنی طرف سے، وہ حکومتِ بنگلہ دیش، وہاں کے عوام، مرحومہ کے اہلِ خانہ اور ان کے چاہنے والوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: بنگلہ دیش کی پہلی خاتون وزیرِ اعظم بیگم خالدہ ضیاء انتقال کر گئیں
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ بیگم خالدہ ضیاء نے اپنی زندگی عوامی خدمت اور اپنے ملک کی فلاح و بہبود کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ مشکل حالات میں ان کی جرات مندانہ قیادت اور ثابت قدمی ایک دیرپا ورثہ ہے، جسے ہمیشہ احترام سے یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس مشکل گھڑی میں پاکستانی عوام بنگلہ دیشی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ انہیں مرحومہ کی خدمات اور یادوں سے حوصلہ اور تسلی عطا فرمائے۔














