قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد کے گرلز ہاسٹل میں سیکیورٹی کی سنگین خلاف ورزی کا واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں گزشتہ رات تقریباً 2 بجے ایک نامعلوم شخص ہاسٹل میں داخل ہوگیا جسے بعد ازاں ہاسٹل کے واش روم میں دیکھا گیا۔
ہاسٹل میں داخل ہونے والے نامعلوم شخص کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جس میں وہ خود کو راول ڈیم کا رہائشی قرار دیتے ہوئے کہتا ہے کہ وہ پہلی مرتبہ ہاسٹل آیا ہے۔
زیر نظر وڈیو گزشتہ رات تقریباً 2 بجے کی ہے۔ ایک نامعلوم شخص قائداعظم یونیورسٹی کے گرلز ہاسٹل میں داخل ہو گیا۔ یہ شخص گرلز ہاسٹل کے واش روم میں پایا گیا، طالبات انتظامیہ سے اس واقعے کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کر رہی ہیں لیکن کوئی شنوائی نہیں ہورہی۔ اب سنا ہے فی میل پولیس… pic.twitter.com/BOSLT47eeX
— Nadir Baloch (@BalochNadir5) January 4, 2026
واقعے کے بعد ہاسٹل میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ طالبات نے یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے بروقت اور مؤثر کارروائی نہ ہونے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ طالبات کے مطابق مذکورہ شخص رات 2:40 منٹ پر ہاسٹل میں دیکھا گیا جبکہ اسے3:40 منٹ پر قابو میں کیا گیا، جو سیکیورٹی کی سنگین غفلت کو ظاہر کرتا ہے۔
طالبات نے سوال اٹھایا ہے کہ ایک گھنٹے کے دوران مذکورہ شخص ہاسٹل میں کیا سرگرمیاں انجام دیتا رہا اس کا بھی جواب دیا جائے۔ طالبات کے مطابق وہ واش روم میں گانے گاتا بھی پایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: قائد اعظم یونیورسٹی کے پروفیسر کا قابلِ تقلید اقدام: مستحق طلبا کے لیے ‘مفت کھانے’ کی سہولت کا آغاز
ذرائع کے مطابق بعد ازاں فی میل پولیس کو طلب کیا گیا تاہم طالبات کی جانب سے واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کے ساتھ ساتھ ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بدستور جاری ہے۔ طالبات نے اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے کہ گرلز ہاسٹل جیسی حساس جگہ پر سیکیورٹی کے مؤثر انتظامات کیوں موجود نہیں تھے۔
متاثرہ طالبات نے یونیورسٹی انتظامیہ اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کی جائیں سیکیورٹی نظام کو فوری طور پر بہتر بنایا جائے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں۔














