پاکستان کے شمالی علاقہ جات اپنے بلند و بالا پہاڑوں، دلکش مرغزاروں، گنگناتی ندیوں، بہتے جھرنوں اور حسین وادیوں کی وجہ سے ’فردوس بر روئے زمین‘ کا منظر پیش کرتے ہیں۔
ایک دنیا ان خوبصورت نظاروں کی دیوانی ہے، یہی وجہ ہے کہ فطرت سے دلچسپی رکھنے والا ہر شخص ’شمالی علاقہ جات کی سیر‘ کرنا چاہتا ہے۔ مگر تحریک انصاف کے دور حکومت میں حکومتی پالیسیوں کے ناقد صحافیوں کے اچانک غائب ہوجانے اور واپس آنے پر اپنی عدم موجودگی کی وجہ ’شمالی علاقہ جات کی سیر‘ بتانے کے سبب ’شمالی علاقہ جات کی سیر‘ تادیب کا ایک ایسا استعارہ بن گیا جس کے بعد معتوب ہونے والا ہر شخص اپنی روداد الم کو ’شمالی علاقہ جات کی سیر‘ سے تعبیر کرتا رہا۔
اس پس منظر کیساتھ تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے پے در پے ٹوئٹس میں ’شمالی علاقہ جات کی سیر‘ کی خواہش خاصی معنی خیز بن گئی ہے۔
The only thing I miss these days is hiking in our northern mountains with my sons.
Allah has blessed Pakistan with the best mountain trekking in the world. Inshallah one day we will make Pakistan the skiing capital of the world. pic.twitter.com/e7PzHcy37L
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) May 26, 2023
سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) عمران خان نے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ( ای سی ایل) میں نام ڈالنے پر حکومت کا ’شکریہ‘ ادا کیا ہے۔ اور کہا ہے کہ مجھے چھٹی کا موقع ملا تو میں شمالی پہاڑوں کا رُخ کروں گا۔
ٹوئٹر پر اپنی حالیہ ٹویٹ میں عمران خان نے لکھا ’اپنے نام کے ECL میں شامل کئے جانے پر میں (پی ڈی ایم) حکومت کا شکرگزار ہوں کہ میرا باہر جانے کا کوئی ارادہ نہیں کیونکہ میری جائیدادیں یا کاروبار ملک سے باہر ہیں نہ ہی میرا کوئی بنک اکاؤنٹ۔
اپنے نام کے ECL میں شامل کئے جانے پر میں (پی ڈی ایم) حکومت کا شکرگزار ہوں کہ میرا باہر جانے کا کوئی ارادہ نہیں کیونکہ میری جائیدادیں یا کاروبار ملک سے باہر ہیں نہ ہی میرا کوئی بنک اکاؤنٹ۔
اگر کبھی کسی روز مجھے چھٹی کا موقع ملا تو میں شمالی پہاڑوں کا رُخ کروں گا جو کرّہ ارض پر…
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) May 26, 2023
سابق وزیراعظم نے مزید لکھا ’اگر کبھی کسی روز مجھے چھٹی کا موقع ملا تو میں شمالی پہاڑوں کا رُخ کروں گا جو کرّہ ارض پر میرا پسندیدہ مقام ہے۔
بات یہیں پر تمام نہیں بلکہ عمران خان نے اس ٹوئٹ کے بعد ایک اور ٹوئٹ کی جس میں لکھا کہ ’ ان دنوں مجھے صرف ایک چیز یاد آتی ہے جو اپنے بیٹوں کے ساتھ ہمارے شمالی پہاڑوں میں پیدل سفر کرنا ہے۔
اللہ نے پاکستان کو دنیا کی بہترین پہاڑی ٹریکنگ سے نوازا ہے۔ ان شاء اللہ ایک دن ہم پاکستان کو دنیا کا اسکینگ کیپیٹل بنائیں گے۔
سوال یہ ہے کہ ایک ایسے وقت میں جب عمران خان کو کم وبیش مختلف نوعیت کے 150 مقدمات کا سامنا ہے۔ اور ہر گزرتے دن کے ساتھ ان کے لوگ ان کا ساتھ چھوڑ رہیں، ان کی پارٹی خزاں رسیدہ پتوں کی طرح بکھرتی جا رہی ہے، سوال یہ ہے کہ کیا عمران خان اپنے سیاسی مستقبل سے اس قدر مایوس ہیں کہ وہ رضاکارانہ طور پر ’شمالی علاقہ جات کی سیر‘ پر جانا چاہتے ہیں۔ یا پھر واقعی وہ اعصاب شکن سیاسی صورتحال میں شمالی علاقہ جات کے خنک اور مرطوب مقامات کی سیر سے لطف اٹھانے کے خواہش مند ہیں۔