پشاور کے مشہور فوڈ اسٹریٹ فوارہ چوک میں گرمیوں میں شربت اور سردیوں میں سوپ فروخت کرنے والے ایمان جنگلی سوشل میڈیا پر خاصے مقبول ہو گئے ہیں۔ انہوں نے خود ہی اپنے مشروبات کی سوشل میڈیا کے ذریعے تشہیر کی، جس کے باعث گاہکوں کی لائنیں لگ گئیں۔
ایمان نے جو اپنے نام کے ساتھ ’جنگلی‘ لگاتے ہیں، گرمیوں میں ’گرمی کا دشمن جنگلی شربت‘ کے نام سے ایک منفرد مشروب متعارف کرایا۔ ان کے مطابق یہ شربت درجنوں قدرتی اور خالص اجزاء سے تیار کیا جاتا ہے۔ یہ گرمی کا مؤثر علاج ہے جبکہ سردیوں میں ٹھیلا بند ہونے کے بعد انہوں نے 35 آئٹمز پر مشتمل ’جنگلی سوپ‘ متعارف کرایا۔
’میرے تمام گاہک سوشل میڈیا کے ذریعے آتے ہیں‘
ایمان جنگلی کے مطابق جب سے انہوں نے سوشل میڈیا کا استعمال شروع کیا ہے، انہیں بے حد فائدہ ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے فوارہ چوک میں شربت کے ایک ٹھیلے سے آغاز کیا تھا، جہاں ہر دو قدم پر شربت والے موجود ہیں، لیکن آج وہ پورے پشاور میں خاصی مقبولیت حاصل کر چکے ہیں۔
’یہ سب کچھ سوشل میڈیا کی وجہ سے ممکن ہوا ہے۔ میں جو کچھ تیار کرتا ہوں وہ سوشل میڈیا پر شیئر کرتا ہوں، لوگ دیکھتے ہیں اور میرے پاس آتے ہیں۔‘
انہوں نے بتایا کہ ان کا تعلق پہاڑی علاقے سے ہے اور وہ پشاور میں بغیر ملاوٹ کے خالص جنگلی اجزاء سے تیار کردہ مشروبات فروخت کرتے ہیں۔
’گرمیوں میں ہم گرمی کے دشمن اور سردیوں میں سردی کے دوست ہیں۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ سردیوں میں وہ ایسا سوپ تیار کرتے ہیں جو جسم کو گرم رکھتا ہے۔
ٹھیلے سے ریسٹورنٹ تک کا سفر
ایمان جنگلی نے اب فوارہ فوڈ اسٹریٹ میں اپنا ایک ریسٹورنٹ بھی کھول لیا ہے، جہاں انہوں نے کبھی ایک معمولی ٹھیلے پر شربت فروخت کرنا شروع کیا تھا۔ اب وہ ریسٹورنٹ میں گرمی اور سردی کے مشروبات کے ساتھ ساتھ خصوصی ذائقے کے کھانے بھی پیش کر رہے ہیں۔
’میرے اپنے مستقل گاہک ہیں جو شہر کے مختلف علاقوں اور اضلاع سے خصوصی طور پر میرے پاس آتے ہیں۔‘
انہوں نے بتایا کہ سوشل میڈیا کے استعمال سے انہیں 100 فیصد فائدہ ہوا ہے اور ان کی ترقی بھی سوشل میڈیا کے ذریعے ہی ممکن ہوئی ہے۔
مزید تفصیل اس ویڈیو رپورٹ میں دیکھیے۔













