صدر آصف زرداری کو شیخ عیسیٰ ایوارڈ سے نواز دیا گیا، شاہ بحرین سے ون آن ون ملاقات

بدھ 14 جنوری 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ نے صدر آصف علی زرداری کو پاکستان اور بحرین کے تعلقات کے فروغ میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں ملک کے اعلیٰ ترین اعزاز شیخ عیسیٰ بن سلمان آل خلیفہ فرسٹ کلاس پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیں: صدر مملکت آصف علی زرداری بحرین کا 3 روزہ سرکاری دورہ کریں گے، دفتر خارجہ

صدرِ مملکت آصف زرداری نے بدھ کے روز بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ سے قُدیبیہ پیلس میں ملاقات کی جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان پاکستان اور مملکتِ بحرین کے قریبی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے جامع بات چیت ہوئی۔

مذاکرات میں دوطرفہ تعاون کو عملی رفتار دینے اور تعلقات کو نئی وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

صدرِ مملکت کے ہمراہ خاتون اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری، سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور وزیر زراعت بلوچستان میر علی حسن زہری بھی موجود تھے۔

قصر میں آمد پر صدر زرداری کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور بحرین کے اعلیٰ ترین اعزاز سے نوازا گیا۔ صدر مملکت نے قُدیبیہ پیلس کی وزیٹرز بک میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے۔

مزید پڑھیے: صدر زرداری کے حالیہ دورۂ چین نے دونوں ممالک کی دوستی کو نئے باب دیے، چینی سفیر

صدر زرداری اور شاہ بحرین کے درمیان پہلے انفرادی ملاقات ہوئی جس میں پاکستان اور بحرین کے تعلقات کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور ان کی مثبت پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

صدر مملکت نے اپنے اور وفد کے لیے پرتپاک استقبال اور غیر معمولی مہمان نوازی پر شاہ بحرین کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کے لیے ان کی دیرینہ نیک خواہشات کو سراہا۔

انہوں نے سیاسی، اقتصادی، دفاعی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے شاہ بحرین کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دہرائی۔

بعد ازاں ہونے والے تفصیلی اجلاس میں تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عملی طریقوں پر غور کیا گیا۔

صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان مضبوط سیاسی تعلقات کو بڑھتی ہوئی تجارت اور گہرے سرمایہ کاری روابط میں تبدیل کرنا چاہتا ہے۔

انہوں نے بحرینی سرمایہ کاروں کو زراعت و غذائی تحفظ، آئی ٹی و ڈیجیٹل سروسز، صحت، سیاحت اور انفراسٹرکچر سمیت ترجیحی شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل کے کردار کو اجاگر کیا۔

مزید پڑھیں: صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز کا عالمی یومِ جمہوریت پر جمہوری اقدار کے فروغ پر زور

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان بحرین کو ایک اہم اقتصادی شراکت دار سمجھتا ہے اور قریبی تعاون سے دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند مواقع پیدا ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے پاکستان کی اقتصادی صلاحیت، جغرافیائی رابطہ کاری اور ہنر مند افرادی قوت پر بھی روشنی ڈالی اور مشترکہ منصوبوں کی حوصلہ افزائی کی۔

صدر زرداری نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کو دو طرفہ تعلقات کا اہم ستون قرار دیتے ہوئے اس شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش ظاہر کی۔

علاقائی اور عالمی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ دنیا اس وقت غیر یقینی اور تیز رفتار تبدیلیوں کے دور سے گزر رہی ہے ایسے میں اقوام کو مشترکہ طور پر چیلنجز کا سامنا کرنا ہوگا۔ انہوں نے اتحاد، بردباری، دانشمندی اور تحمل کو ناگزیر قرار دیا۔

صدر زرداری نے بحرین میں مقیم پاکستانی برادری کو دونوں ممالک کے درمیان ایک مضبوط پل قرار دیتے ہوئے بحرینی قیادت کا شکریہ ادا کیا کہ وہ مملکت میں مقیم ایک لاکھ 16 ہزار سے زیادہ پاکستانیوں کو عزت، مواقع اور سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کے بحرین کی ترقی میں مثبت کردار کو بھی سراہا۔

انہوں نے اسلام آباد میں کنگ حمد یونیورسٹی برائے نرسنگ و الائیڈ میڈیکل سائنسز کے قیام کو شاہ بحرین کی جانب سے ایک قیمتی تحفہ قرار دیا اور اسے دونوں ممالک کی دوستی کی پائیدار علامت کہا۔

یہ بھی پڑھیے: صدر زرداری کی سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ سے ملاقات، خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام پر زور

دونوں رہنماؤں نے امن، استحکام اور کثیرالجہتی تعاون کے عزم کا اعادہ کیا اور علاقائی مسائل کے حل کے لیے مکالمے اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا۔ اقوام متحدہ سمیت عالمی فورمز پر مسلم اُمہ سے متعلق امور پر مشترکہ کوششوں پر بھی اتفاق کیا گیا۔

صدر زرداری کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ نے پاکستان اور بحرین کو تاریخی، اسلامی اور برادرانہ رشتوں میں بندھے ممالک قرار دیا۔

انہوں نے صدر کے دورے کو دوطرفہ تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔ شاہ بحرین نے پاکستانی برادری کے کردار کو سراہتے ہوئے عرب اور اسلامی دنیا کے مسائل کے لیے پاکستان کی حمایت اور خطے میں امن و استحکام کے لیے اس کی کوششوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔

مزید پڑھیں: وفاقی وزرا کی صدر زرداری سے اہم ملاقات، پیپلز پارٹی اور ن لیگ بیان بازی روکنے پر متفق

اس موقعے پر پاکستان میں بحرین کے سفیر محمد ابراہیم عبدالقادر اور بحرین میں پاکستان کے سفیر ثاقب رؤف بھی موجود تھے جبکہ بحرینی وفد میں بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر شیخ محمد بن عیسیٰ آل خلیفہ اور وزیر خارجہ شیخ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی شامل تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

پاکستان کا سیٹلائٹ امیجری اور اے آئی کے ذریعے بحری تحفظ اور ماحولیاتی خطرات سے نمٹنے کا منصوبہ

ڈھاکا میں ماریا بی آؤٹ لیٹ کا افتتاح، بنگلہ دیش میں داخل ہونے والی پہلی بین الاقوامی خواتین فیشن برانڈ قرار

صدر ٹرمپ نے کینیڈین وزیراعظم سے ‘غزہ بورڈ آف پیس’ میں شامل ہونے کی دعوت واپس لے لی

ورلڈ کرکٹ فیسٹیول: پاکستان کی بھارت کیخلاف سنسنی خیز فتح، مصافحہ کی بحالی

ڈونلڈ ٹرمپ اور میلانیا ٹرمپ کی شادی کی 21ویں سالگرہ، وائٹ ہاؤس کی مبارکباد

ویڈیو

کوئٹہ اور بالائی علاقوں میں برفباری کے بعد سیاحتی مقامات پر سیاحوں کی سرگرمیوں میں اضافہ

چکوال کی سائرہ امجد کا منفرد آرٹ: اسٹیل وول اور ایکرلیک سے فطرت کی عکاسی

وی ایکسکلوسیو: پی ٹی آئی دہشتگردوں کا سیاسی ونگ ہے اسی لیے اس پر حملے نہیں ہوتے، ثمر بلور

کالم / تجزیہ

کیمرے کا نشہ

امریکی خطرناک ہتھیار جس نے دیگر سپرپاورز کو ہلا دیاٖ

گل پلازہ کی آگ سے بننے والے دائرے