ایپل نے آئی او ایس 26.2 کو ایک ہنگامی سیکیورٹی اپ ڈیٹ کے طور پر جاری کر دیا ہے اور آئی فون صارفین کو فوری طور پر اپ ڈیٹ انسٹال کرنے کی سخت ہدایت کی ہے تاکہ ڈیوائسز کو فعال اسپائی ویئر حملوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: ایپل نے نیا موبائل آپریٹنگ سسٹم ’آئی او ایس 26‘ جاری کردیا، نئے فیچرز کیا ہیں؟
کمپنی کے مطابق یہ اپ ڈیٹ متعدد سنگین سیکیورٹی خامیوں کو دور کرتی ہے جن میں سے کچھ کو حقیقی دنیا میں حملوں کے لیے پہلے ہی استعمال کیا جا چکا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اپ ڈیٹ میں چند معمولی انٹرفیس تبدیلیاں بھی متعارف کرائی گئی ہیں۔
ٹیکنالوجی کمپنی کے مطابق آئی او ایس 26.2 میں مجموعی طور پر 26 سیکیورٹی نقائص کو دور کیا گیا ہے جن میں 2 انتہائی خطرناک خامیاں ویب کٹ اور آئی او ایس کرنل میں پائی گئی تھیں۔ ویب کٹ کی خامی کے ذریعے خطرناک ویب سائٹس براؤزر کی سیکیورٹی کو بائی پاس کر کے من مانا کوڈ چلا سکتی تھیں جبکہ کرنل کی کمزوری حملہ آوروں کو سسٹم لیول تک رسائی فراہم کر سکتی تھی۔
سیکیورٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ ان خامیوں کو یکجا کر کے ایک ایسا ایکسپلائٹ چین تیار کیا جا سکتا تھا جو انتہائی کم یوزر انٹریکشن کے ساتھ خفیہ طور پر اسپائی ویئر ڈاؤن لوڈ کر لے۔
ایپل نے تصدیق کی ہے کہ ان میں سے کچھ کمزوریوں کو اسپائی ویئر اور نقصان دہ ایپس کے ذریعے استعمال کیا جا رہا تھا، جن میں وہ سافٹ ویئر بھی شامل ہیں جو آفیشل ایپ اسٹورز کے علاوہ دیگر ذرائع سے تقسیم کیے گئے۔
مزید پڑھیے: واٹس ایپ نے آئی او ایس صارفین کے لیے کالز ہب فیچر لانچ کردیا
کمپنی نے خبردار کیا ہے کہ اپ ڈیٹ میں تاخیر صارفین کے ڈیٹا، پرائیویسی اور نگرانی کے سنگین خطرات کا باعث بن سکتی ہے۔
سیکیورٹی کے ساتھ نئی سہولیات
سیکیورٹی پیچز کے علاوہ آئی او ایس 26.2 میں ایئر ڈراپ کو مزید بہتر بنایا گیا ہے جس میں ون ٹائم شیئرنگ کوڈز متعارف کرائے گئے ہیں تاکہ بھیڑ بھاڑ والے مقامات پر غیر ضروری فائل ریکویسٹس سے بچا جا سکے۔
اس کے ساتھ لاک اسکرین میں بھی معمولی بہتری کی گئی ہے جن میں ڈارک موڈ میں بہتر ریڈایبلٹی کے لیے ایڈاپٹو کلاک لے آؤٹ شامل ہے۔
مزید برآں ایپل کے لیکویڈ گلاس یوزر انٹرفیس میں بھی بہتری کی گئی ہے جس سے ڈیولپرز کو بصری اثرات اور اینیمیشنز پر زیادہ کنٹرول حاصل ہوگا۔
ایپل نے صارفین کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ Settings > General > Software Update کے ذریعے فوری طور پر iOS 26.2 انسٹال کریں۔
مزید پڑھیں: ایپل موبائل آپریٹنگ سسٹم آئی او ایس 26 کی ریلیز کا اعلان، یہ جدید اپ ڈیٹ کن ماڈلز پر دستیاب ہوگا؟
کمپنی کے مطابق یہ اپ ڈیٹ جہاں جاری سائبر حملوں کے راستے بند کرتی ہے وہیں آئی فون کے مجموعی تجربے کو متاثر کیے بغیر روزمرہ استعمال کو مزید محفوظ اور بہتر بناتی ہے۔














