بنگلہ دیش کی سیاسی و سماجی تنظیم انقلاب منچہ نے اپنے ترجمان شریف عثمان ہادی کے قتل پر انصاف کے مطالبے کے لیے آج بروز جمعہ ملک بھر میں احتجاجی مارچ اور مختصر ریلیوں کا اعلان کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:انقلاب منچ کا بنگلہ دیش کے بڑے شہروں میں مکمل شٹر ڈاؤن کا اعلان
انقلاب منچہ کی جانب سے جاری فیس بک پوسٹ کے مطابق ملک گیر احتجاجی مارچ اور ریلیاں نماز جمعہ کی نماز کے بعد منعقد کی جائیں گی۔ تنظیم نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ انصاف کے مطالبے کے لیے ان مظاہروں میں بھرپور شرکت کریں۔

یاد رہے کہ تنظیم کے ترجمان شریف عثمان ہادی کو 12 دسمبر کو ڈھاکا کے علاقے پراتن پلٹن میں کلورٹ روڈ پر اس وقت سر میں گولی مار دی گئی تھی جب وہ رکشے میں سفر کر رہے تھے۔ واقعے کے بعد انہیں تشویشناک حالت میں علاج کے لیے سنگاپور منتقل کیا گیا، تاہم وہ 18 دسمبر کی شب زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں:عثمان ہادی قتل کیس: ملزمان کو فرار میں مدد پر 2بھارتی شہری گرفتار
شریف عثمان ہادی نہ صرف انقلاب منچہ کے ترجمان تھے بلکہ وہ ڈھاکا-8 کے حلقے سے آئندہ انتخابات کے ممکنہ امیدوار بھی سمجھے جا رہے تھے۔ ان کی ہلاکت کو ملک میں سیاسی کشیدگی کے تناظر میں ایک اہم واقعہ قرار دیا جا رہا ہے۔

20 دسمبر کو شریف عثمان بن ہادی کی تدفین ڈھاکا یونیورسٹی میں قومی شاعر قاضی نذرالاسلام کے مزار کے پہلو میں کی گئی تھی۔ ان کے قتل کے بعد مختلف حلقوں کی جانب سے شفاف تحقیقات اور ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے، جس کے تناظر میں انقلاب منچہ نے ملک گیر احتجاج کا فیصلہ کیا ہے۔













