اسلام آباد کے تھانہ سنگجانی کے علاقے میں مسلح ڈاکوؤں نے پولیس ٹیم پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، تاہم پولیس کی بہادری اور حفاظتی اقدامات کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
پولیس کے مطابق، چیکنگ کے دوران 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 مشتبہ ملزمان کو روکنے کی کوشش کی گئی، جس پر ملزمان نے پولیس پر براہ راست فائرنگ شروع کر دی۔
پولیس ٹیم نے فوری ردعمل دیتے ہوئے ملزمان کا تعاقب کیا اور فائرنگ کے دوران جنگل ایریا میں 2 ملزمان زخمی حالت میں پکڑے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد پولیس سے منسوب سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی آڈیو پر ترجمان کی وضاحت
زخمی ملزمان، واجد اور سمیع اللہ، فوری طور پر گرفتار کر لیے گئے۔ ان کے قبضے سے چھینے گئے 3 قیمتی موبائل فون، 2 موٹر سائیکلیں اور 65,000 روپے نقد رقم برآمد ہوئی۔
اس کے علاوہ، 2 پستول سمیت ایمونیشن بھی ضبط کیا گیا، جو وارداتوں میں استعمال ہو رہے تھے۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد پولیس کی کارروائی، دہرے قتل کا مجرم گرفتار
پولیس کے مطابق، باقی 2 ملزمان اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، جن کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
ملزمان سنگین جرائم کے متعدد مقدمات میں اسلام آباد پولیس کو مطلوب تھے۔ فائرنگ کے دوران سرکاری گاڑی کو بھی نقصان پہنچا۔
اسلام آباد پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ مشتبہ افراد کی معلومات فوراً پولیس کے ساتھ شیئر کریں تاکہ باقی فرار ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جا سکے۔














