مصنوعی ذہانت کی معروف کمپنی اوپن اے آئی نے اعلان کیا ہے کہ وہ آنے والے ہفتوں میں چیٹ جی پی ٹی کے مفت اور گو ٹائرز میں اشتہارات کی جانچ شروع کرے گی۔ کمپنی کے مطابق اس اقدام کا مقصد اے آئی کو مزید قابل رسائی بنانا ہے، جبکہ صارفین کے اعتماد، شفافیت اور پرائیویسی کو اولین ترجیح دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: 555 لاکھ ڈالر تنخواہ، اوپن اے آئی نے اہم منصب کے لیے مضبوط امیدوار کی تلاش شروع کردی
اوپن اے آئی کا کہنا ہے کہ اشتہارات چیٹ جی پی ٹی کے جوابات کو کسی بھی صورت متاثر نہیں کریں گے اور انہیں ہمیشہ الگ اور واضح انداز میں دکھایا جائے گا۔ صارفین کی گفتگو اشتہار دینے والوں سے محفوظ رہے گی اور ڈیٹا فروخت نہیں کیا جائے گا۔ پلس، پرو، بزنس اور انٹرپرائز ٹائرز میں کسی قسم کے اشتہارات شامل نہیں ہوں گے۔
In the coming weeks, we plan to start testing ads in ChatGPT free and Go tiers.
We’re sharing our principles early on how we’ll approach ads–guided by putting user trust and transparency first as we work to make AI accessible to everyone.
What matters most:
– Responses in… pic.twitter.com/3UQJsdriYR— OpenAI (@OpenAI) January 16, 2026
کمپنی نے واضح کیا ہے کہ اشتہارات کا بنیادی مقصد اے جی آئی کو انسانیت کے لیے فائدہ مند بنانا اور اے آئی تک زیادہ سے زیادہ لوگوں کی رسائی کو ممکن بنانا ہے۔ چیٹ جی پی ٹی کے جوابات صارفین کی مدد کے لیے آزادانہ طور پر تیار کیے جائیں گے اور ان پر اشتہارات کا کوئی اثر نہیں ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: چیٹ جی پی ٹی ٹرانسلیٹ متعارف، گوگل سے کتنا مختلف؟
صارفین کو اپنے ڈیٹا کے استعمال پر مکمل کنٹرول حاصل ہوگا، وہ پرسنلائزیشن بند کر سکیں گے اور اشتہارات سے متعلق ڈیٹا کسی بھی وقت حذف کر سکیں گے، جبکہ ادا شدہ ٹائرز میں اشتہارات سے بچنے کا آپشن بھی دستیاب ہوگا۔
اوپن اے آئی کے مطابق کمپنی چیٹ جی پی ٹی میں گزارے گئے وقت کو بڑھانے کے بجائے صارفین کے تجربے اور اعتماد کو طویل مدت میں بہتر بنانے کو ترجیح دے گی۔
ابتدائی مرحلے میں اشتہارات کی جانچ امریکا میں لاگ ان شدہ بالغ صارفین تک محدود رہے گی۔ اشتہارات جوابات کے نیچے متعلقہ انداز میں دکھائے جائیں گے، جیسے سپانسرڈ پروڈکٹس یا سروسز۔ صحت، ذہنی صحت اور سیاست جیسے حساس موضوعات کے قریب اشتہارات نہیں دکھائے جائیں گے۔ مستقبل میں اشتہارات کو گفتگوئی شکل میں بھی متعارف کرانے پر غور کیا جا رہا ہے، جس میں صارفین اشتہارات کے اندر سوالات بھی کر سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: چیٹ جی پی ٹی نے شہری کو لاکھوں کے فراڈ سے کیسے بچایا؟
اوپن اے آئی نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ چیٹ جی پی ٹی گو کے نام سے ایک کم قیمت سبسکرپشن ٹائر 8 ڈالر ماہانہ میں متعارف کرایا گیا ہے، جس میں میسیجنگ، امیج کری ایشن، فائل اپ لوڈ اور میموری جیسی سہولیات شامل ہیں۔ یہ ٹائر امریکا سمیت 171 ممالک میں دستیاب ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اشتہارات صارفین کے لیے مفید اور دلچسپ ثابت ہوں گے اور اس سے چھوٹے کاروباروں کو اپنی مصنوعات اور خدمات کے فروغ میں مدد ملے گی۔ اوپن اے آئی صارفین کی رائے کی بنیاد پر اشتہاری نظام کو مزید بہتر بنائے گی تاکہ اے آئی کی رسائی کو مزید وسیع کیا جا سکے۔














