اسلام آباد پولیس نے پَتنگ اور خطرناک کیمیکل ڈور کی فروخت کے خلاف مؤثر اقدامات کرتے ہوئے تھانہ لوہی بھیر کے علاقے میں کارروائی کی، جس کے دوران افغان شہری سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
مزید پڑھیں: پنجاب میں غیر قانونی پتنگ بازی کی مکمل ممانعت، محکمہ داخلہ کی ہدایات جاری
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق پشاور سے گوجرانوالہ جانے والی بس سے بھاری مقدار میں پَتنگیں اور خطرناک کیمیکل ڈور برآمد کی گئی۔
ملزمان کے قبضے سے 472 مختلف اقسام کی کیمیکل ڈور اور 2700 سے زیادہ پتنگیں، چرخیاں اور دیگر سامان برآمد کیا گیا۔
ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا نے کہاکہ پَتنگ بازی صرف تفریح نہیں بلکہ ایک جان لیوا کھیل ہے، اور کیمیکل ڈور معصوم بچوں، موٹر سائیکل سواروں اور راہگیروں کے لیے سنگین خطرہ بن سکتی ہے۔
انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو پتنگ بازی اور کیمیکل ڈور کے استعمال سے روکیں اور ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد میں پتنگ بازی پر عائد پابندی برقرار، ضلعی انتظامیہ کا شہریوں کو انتباہ
قاضی علی رضا نے مزید کہاکہ اسلام آباد پولیس شہریوں کے تعاون سے ہی محفوظ اور پُرامن شہر کی ضمانت دے سکتی ہے۔













