کراچی: گل پلازہ میں لگنے والی آگ نے تباہی مچا دی، 6 افراد جاں بحق، 60 لاپتا، عمارت کے 2 حصے منہدم

اتوار 18 جنوری 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی کے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں ہفتے کی رات لگنے والی آگ کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 30 زخمی ہوئے ہیں اور قریباً 60 افراد لاپتا ہیں، لیکن آگ پر ابھی تک قابو نہیں پایا جا سکا۔

ریسکیو حکام کے مطابق آگ گراؤنڈ فلور سے شروع ہو کر تیزی سے 3 منزلوں تک پھیل گئی، جس کے باعث عمارت کے کئی حصے منہدم ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا ہے جن میں سے کچھ کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

مزید پڑھیں: کئی گھرانوں کے چراغ گُل کرنے والی گل پلازہ کی آگ میں متعدد افراد لاپتا، اہل خانہ پریشان

فائر بریگیڈ حکام نے بتایا کہ 20 فائر ٹینڈرز اور 4 اسنارکل گاڑیاں آگ پر قابو پانے کے لیے استعمال کی جا رہی ہیں، جبکہ پانی اور فوم کے ذریعے بجھانے کی کوششیں جاری ہیں۔ پاک بحریہ کے فائر ٹینڈرز بھی ریسکیو آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

حکام کے مطابق عمارت انتہائی مخدوش ہو چکی ہے، اور اندر جا کر ریسکیو کرنا خطرناک ہے۔ آگ پر مکمل قابو پانے کے بعد ہی سرچ آپریشن کیا جائے گا، جس میں 150 سے زیادہ فائر فائٹر مصروف ہیں۔

عمارت میں پھنسے افراد سے رابطہ ختم ہو چکا ہے اور موجودہ تعداد کا درست اندازہ نہیں لگایا جا سکا۔ تاجروں کے مطابق 3 منزلہ عمارت میں ایک ہزار سے زیادہ دکانیں تھیں۔

چیف فائر آفیسر نے بتایا کہ عمارت میں دھماکے کے بعد آگ مزید پھیلی، جس کی وجہ ممکنہ طور پر گیس لیکج بتائی جا رہی ہے۔

کچھ لوگ کراچی آتشزدگی واقعہ پر سیاست کر رہے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کچھ لوگ کراچی آتشزدگی واقعہ پر سیاست کر رہے ہیں، وزیراعظم نے رابطہ نہیں کیا، ہم تاجروں کے نقصان کا شفاف طریقے سے مداوا کریں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں آگ سے تباہ شدہ گل پلازے کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ کراچی میں موجود نہیں تھے، انہیں رات گئے آگ لگنے کی اطلاع ملی۔ ’میں میئر کراچی اور چیف سیکریٹری سے رابطے میں تھا، سعید غنی نے بھی یہاں کا دورہ کیا ہے۔‘

مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ بہت افسوس ناک واقعہ ہے، کچھ لوگ سیاست کر رہے ہیں، وزیراعظم نے ذاتی طور پر مجھ سے ابھی تک رابطہ نہیں کیا لیکن میڈیا میں دیکھا ہے کہ انہوں نے نوٹس لیا ہے، کہا جا رہا ہے کہ 58 کے قریب لوگ لاپتا ہیں، اللہ کرے ان لاپتا لوگوں میں سے کوئی ایک مل جائے۔

انہوں نے کہاکہ اس سے قبل بولٹن مارکیٹ کراچی میں جو سانحہ ہوا تھا تو صدر آصف علی زرداری نے خود وفاق سے مدد دلوائی تھی، ہم نے لوگوں کو مالی امداد دی تھی، اس کے بعد ٹمبر مارکیٹ میں آگ لگی تھی اس میں بھی لوگوں کی مالی امداد کی تھی، اب بھی کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہاں پر چھوٹے تاجروں کا نقصان ہوا ہے، اس پر شفاف طریقے سے تحقیقات کی جائیں گی اور تاجروں کے نقصان کا مداوا کیا جائے گا۔

کمشنر کراچی کا آگ پر 90 فیصد تک قابو پانے کا دعویٰ

کمشنر کراچی نے بتایا ہے کہ آگ پر قریباً 90 فیصد قابو پالیا گیا ہے اور تھوڑی دیر بعد عمارت کو ٹھنڈا کرنے کے لیے کولنگ کا عمل شروع کیا جائے گا۔

لاشوں کی شناخت کیسے ہوگی؟

لاشوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کا استعمال کیا جائے گا اور اس مقصد کے لیے سی پی ایل سی نے ہیلپ ڈیسک قائم کردیا ہے۔

سی پی ایل سی کے شناخت پروگرام کی ٹیم نے سول اسپتال ٹراما سینٹر کے باہر کیمپ لگایا ہے۔

انچارج عامر حسن کے مطابق متاثرین اپنے لاپتا عزیزوں کے بارے میں تمام معلومات ہیلپ ڈیسک پر فراہم کر سکتے ہیں، جبکہ شناخت ٹیم جاں بحق افراد کی درست پہچان اور ورثا تک رسائی کے اقدامات انجام دے رہی ہے۔

آتشزدگی متاثرین اور سندھ حکومت کے ساتھ ہیں: وزیراعظم کا وزیراعلیٰ سندھ سے ٹیلیفونک رابطہ

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے، اور گل پلازہ میں آگ لگنے سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے وزیراعلیٰ سندھ کو وفاقی حکومت کی جانب سے ہر قسم کی معاونت فراہم کرنے کی پیشکش کی۔

شہباز شریف نے کہاکہ دکھ و مصیبت کی اس گھڑی میں متاثرین اور سندھ حکومت کے ساتھ ہیں، گنجان آباد شہری علاقوں میں آگ پر بروقت قابو پانے کے لیے ایک مربوط و مؤثر نظام انتہائی ضروری ہے۔

انہوں نے کہاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کے تدارک کے لیے ایک مربوط نظام کی تشکیل  کے لیے صوبائی حکومت کی ہر قسم کی معاونت کے لیے تیار ہیں۔

صدر زرداری کی وزیراعلیٰ سندھ کو تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ کو ہدایت کی ہے کہ ریسکیو اور فائر فائٹنگ آپریشن کی کامیابی کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔

مزید پڑھیں: کراچی گل پلازہ آتشزدگی: وزیراعلیٰ سندھ کو رپورٹ پیش کردی گئی

صدر مملکت آصف زرداری نے سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ سے ٹیلیفون پر گفتگو کی اور گل پلازہ کراچی میں لگنے والی آگ کی تازہ صورتحال دریافت کی، جس پر 24 گھنٹے گزرنے کے باوجود بھی پوری طرح قابو نہیں پایا جا سکا۔

صدرِ مملکت نے تاکید کی کہ ریسکیو اور فائر فائٹنگ آپریشن کی کامیابی کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

2 قاتل باہم محبت میں گرفتار، آج شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے

پاکستان کا سیٹلائٹ امیجری اور اے آئی کے ذریعے بحری تحفظ اور ماحولیاتی خطرات سے نمٹنے کا منصوبہ

ڈھاکا میں ماریا بی آؤٹ لیٹ کا افتتاح، بنگلہ دیش میں داخل ہونے والی پہلی بین الاقوامی خواتین فیشن برانڈ قرار

صدر ٹرمپ نے کینیڈین وزیراعظم سے ‘غزہ بورڈ آف پیس’ میں شامل ہونے کی دعوت واپس لے لی

ورلڈ کرکٹ فیسٹیول: پاکستان کی بھارت کیخلاف سنسنی خیز فتح، مصافحہ کی بحالی

ویڈیو

کوئٹہ اور بالائی علاقوں میں برفباری کے بعد سیاحتی مقامات پر سیاحوں کی سرگرمیوں میں اضافہ

چکوال کی سائرہ امجد کا منفرد آرٹ: اسٹیل وول اور ایکرلیک سے فطرت کی عکاسی

وی ایکسکلوسیو: پی ٹی آئی دہشتگردوں کا سیاسی ونگ ہے اسی لیے اس پر حملے نہیں ہوتے، ثمر بلور

کالم / تجزیہ

کیمرے کا نشہ

امریکی خطرناک ہتھیار جس نے دیگر سپرپاورز کو ہلا دیاٖ

گل پلازہ کی آگ سے بننے والے دائرے