پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی نئی اور سب سے مہنگی فرنچائز سیالکوٹ کی ٹیم کا مکمل نام باضابطہ طور پر ’سیالکوٹ اسٹالینز‘ رکھ دیا گیا ہے۔
کوآنر کامل خان نے اس موقع پر کہا کہ پی ایس ایل کے اس سفر کا حصہ بن کر وہ خوش ہیں اور مداح اور شائقین ٹیم کو انسٹاگرام پر فالو کر سکتے ہیں تاکہ تازہ ترین اپ ڈیٹس اور ٹیم کی خبریں حاصل کر سکیں۔
You guessed it. You waited. Now, I am proud to officially introduce “SIALKOT STALLIONZ” @PSLStallionz
Excited to be part of the Pakistan Super League journey 🏏
You can also follow us on Instagram “SialkotStallionzPSL” @thePSLt20 @TheRealPCB @MajeedHamz84164 #PSL #HBLPSL pic.twitter.com/zX9qNiuhh9— kamil khan (@13kamilkhan) January 21, 2026
سیالکوٹ اسٹالینز کی ملکیت حمزہ مجید چوہدری کے زیرِ انتظام اوزی گروپ کے پاس ہے۔ اوزی ڈیولپرز نے ایچ بی ایل پی ایس ایل کے بولی کے عمل میں 185 کروڑ روپے کی کامیاب بولی دے کر سیالکوٹ کے نام سے فرنچائز حاصل کی۔ ابتدائی بولی 170 کروڑ روپے رکھی گئی تھی، جسے اوزی گروپ نے بلند ترین بولی 185 کروڑ روپے تک پہنچا کر ٹیم اپنے نام کر لی۔ یہ فرنچائز پاکستان سپر لیگ کی آٹھویں ٹیم کے طور پر شمولیت اختیار کرے گی۔
سیالکوٹ اسٹالینز کی تاریخ کیا ہے؟
سیالکوٹ اسٹالینز محض ایک ڈومیسٹک کرکٹ ٹیم نہیں بلکہ پاکستان کی ٹی20 تاریخ کا ایک ناقابلِ فراموش باب رہے ہیں۔ 2005 سے 2012 کے دوران اسٹالینز نے اپنی شاندار کارکردگی سے نہ صرف شائقین کے دل جیتے بلکہ خود کو ملک کی سب سے کامیاب ڈومیسٹک ٹی 20 ٹیم کے طور پر منوایا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل کی نئی ٹیم سیالکوٹ کا کپتان کون ہوگا؟ حمزہ مجید نے بتادیا
اس عرصے کے دوران سیالکوٹ اسٹالینز نے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے 6 ٹائٹل اپنے نام کیے جبکہ مسلسل 25 میچز میں ناقابلِ شکست رہ کر عالمی ریکارڈ بھی قائم کیا۔ یہ کارنامہ آج بھی پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ تاریخ میں ایک نمایاں مقام رکھتا ہے۔
ٹیم کی قیادت قومی کرکٹ کے تجربہ کار کھلاڑی شعیب ملک کے ہاتھوں میں رہی، جن کی پُرسکون اور دانشمندانہ قیادت نے ٹیم کو کامیابیوں سے ہمکنار کیا۔ عمران نذیر کی جارحانہ بیٹنگ، حارث سہیل کی ہمہ جہت کارکردگی اور شکیل انصار کی قابلِ قدر وکٹ کیپنگ و بیٹنگ نے اسٹالینز کو ایک متوازن اور خطرناک ٹیم بنایا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل کی نئی ٹیم ‘سیالکوٹ’ خریدنے والے حمزہ مجید کے پسندیدہ کھلاڑی کون ہیں؟ نام بتا دیے
بولنگ لائن اپ میں محمد آصف، عبدالرحمان، بلال بھٹی اور حسن علی جیسے باصلاحیت بولرز شامل تھے جنہوں نے اپنی بولنگ سے مخالف ٹیموں کے لیے مشکلات کھڑی کیے رکھیں اور اسٹالینز کو اکثر مقابلوں میں ناقابلِ شکست بنا دیا۔
سیالکوٹ اسٹالینز کی پہچان صرف ٹرافیوں اور ریکارڈز تک محدود نہیں رہی بلکہ اس ٹیم نے شائقین کے دلوں میں بھی ایک خاص مقام بنایا۔ برسوں سے سیالکوٹ کے کرکٹ مداح ’اسٹالینز فارایور‘ کے نعرے کے ساتھ ٹیم کی حمایت کا اظہار کرتے آئے ہیں، جو آج بھی سوشل میڈیا اور اسٹیڈیمز میں اس ٹیم کی مقبولیت کا ثبوت ہے۔














