آصف علی زرداری سے پاکستان کے اردن کے لیے نامزد سفیر میجر جنرل (ریٹائرڈ) خرم سرفراز خان نے ملاقات کی ہے۔
نئی سفارتی ذمہ داریاں سنبھالنے پر صدر مملکت نے انہیں مبارکباد دی اور اعتماد کا اظہار کیا کہ وہ اردن کے ساتھ پاکستان کے کثیرالجہتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں موثر کردار ادا کریں گے جبکہ نامزد سفیر کو فلسطین کے لیے بھی سفارتی تقرری حاصل ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے مراکش کے سفیر کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال
ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق جمعرات کے روز صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان اور اردن کے دیرینہ تعلقات کو نہایت اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک مشترکہ تاریخ، ثقافت اور مذہبی اقدار کی بنیاد پر مضبوط رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ دوئم، اردن کے عوام اور فلسطینی قیادت کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ نومبر میں اردن کے فرمانروا کے دورہ پاکستان کے دوران سیاسی روابط، تجارت و سرمایہ کاری، دفاع و سلامتی اور عوامی سطح پر روابط بشمول افرادی قوت اور مہارتوں کی ترقی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا تھا۔
صدر مملکت نے اردن میں مقیم پاکستانی برادری کے کردار کو سراہتے ہوئے وہاں پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لیے بہتر قونصلر سہولیات، باقاعدہ روابط اور سفارت خانے و کمیونٹی کے درمیان قریبی تعاون پر زور دیا۔
یہ بھی پڑھیں: صدر مملکت نے انڈونیشیا کے صدر کو ’نشان پاکستان‘ سے نواز دیا
صدر مملکت نے فلسطینی عوام کے حق خودارادیت اور 1967ء سے قبل کی سرحدوں کی بنیاد پر ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو، کے لیے پاکستان کے اصولی اور سفارتی موقف کا اعادہ کیا۔
انہوں نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے اردن کے کردار کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نامزد سفیر اردن اور فلسطین کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے بھرپور انداز میں خدمات انجام دیں گے۔














