قومی اسمبلی کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف میڈیا نے واضح کیا ہے کہ قومی اسمبلی کا یوٹیوب چینل بند نہیں کیا گیا اور اس حوالے سے میڈیا اور سوشل میڈیا پر چلائی جانے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔
ترجمان قومی اسمبلی نے کہا کہ یوٹیوب چینل کی بندش سے متعلق چینلز اور اخبارات میں شائع شدہ خبریں حقیقت سے عاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سوشل میڈیا سرور کے ڈاؤن ہونے کی وجہ سے تکنیکی مسائل پیدا ہوئے تھے، جس کے باعث چینل عارضی طور پر غیر فعال ہوا۔
ترجمان کے مطابق یہ تکنیکی مسئلہ جمعہ کے بعد حل ہو گیا اور چینل دوبارہ آپریشنل ہو گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی کارروائی اور تقاریر بھی چینل پر اپ لوڈ کر دی گئی ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ چینل کی بندش کے حوالے سے من گھڑت خبریں چلائی گئی اور خبر نشر یا شائع کرنے سے قبل قومی اسمبلی سیکرٹریٹ یا ترجمان کا موقف نہیں لیا گیا۔













