کراچی میں یخ بستہ ہواؤں کی وجہ سے شدید سردی کی لہر جاری ہے اور شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کم سے کم درجہ حرارت 8 سے 10 ڈگری اور زیادہ سے زیادہ 20 سے 22 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:’نلوں میں دوڑتے پھرنے کے ہم نہیں قائل‘، شدید سردی کے سبب پائپ لائنس میں پانی جم گیا
کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم شدید سرد رہا، اور شہر کے مختلف علاقوں میں کم سے کم درجہ حرارت سنگل ڈیجٹ میں رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے کم درجہ حرارت ایئرپورٹ کے اطراف میں 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کا موسم خشک اور رات کے وقت سرد رہنے کا امکان ہے، اور کبھی کبھار تیز سرد ہوائیں چلتی رہیں گی، جن کی رفتار 30 سے 35 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہو سکتی ہے۔
موجودہ صورتحال کے مطابق شہر کا درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 54 فیصد ہے اور شمال مشرق سے ہوائیں 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سرد ہواؤں سے بچاؤ کے لیے مناسب اقدامات کریں اور رات کے وقت زیادہ دیر باہر نہ رہیں۔

















