بالی ووڈ کی مقبول گلوکارہ نیہا ککڑ نے طلاق سے متعلق پھیلی افواہوں پر واضح ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے شوہر روہن پریت سنگھ اور خاندان کو اس معاملے میں گھسیٹنا مناسب نہیں۔
انہوں نے انسٹاگرام اسٹوریز میں لکھا کہ لوگ ان کے ’معصوم شوہر‘ اور ’سب سے پیارے خاندان‘ کو تنقید کا نشانہ نہ بنائیں، کیونکہ انہی کی حمایت نے انہیں اس مقام تک پہنچایا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نیہا ککڑ کس پاکستانی گلوکار کی مداح؟
نیہا نے مزید کہا کہ وہ کسی دوسرے فرد یا نظام سے ناخوش ہیں، نہ کہ اپنی ازدواجی زندگی سے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ انہیں سوشل میڈیا پر جذباتی انداز میں بات نہیں کرنی چاہیے تھی، کیونکہ میڈیا چھوٹی بات کو بڑھا چڑھا کر پیش کر دیتا ہے۔ ان کے مطابق اس واقعے سے انہیں سبق ملا ہے اور اب وہ اپنی ذاتی زندگی کو عوامی سطح پر زیرِ بحث نہیں لائیں گی۔

اپنے پیغام کے اختتام پر نیہا نے مداحوں سے محبت کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ جلد ہی نئے جوش کے ساتھ واپس آئیں گی۔ ساتھ ہی انہوں نے معذرت بھی کی اور کہا کہ انہیں غلط سمجھا گیا، اس لیے وہ اپنی بات کو مزید واضح کرنا چاہتی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی گلوکارہ نیہا ککڑ کی مجموعی دولت کتنے کروڑ ہوچکی؟
واضح رہے کہ اس سے قبل نیہا ککڑ نے ایک پوسٹ میں اعلان کیا تھا کہ وہ ذمے داریوں، تعلقات اور کام سے وقتی وقفہ لے رہی ہیں، اور فوٹوگرافروں اور مداحوں سے درخواست کی تھی کہ انہیں فلمایا نہ جائے اور ان کی نجی زندگی کا احترام کیا جائے۔ بعد ازاں یہ پوسٹ حذف ہو گئی، جس کے بعد طلاق کی افواہوں نے زور پکڑا۔














