سابق رکن پنجاب اسمبلی ملک خرم علی نے بھی تحریک انصاف سے اظہار لاتعلقی کردیا۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے سابق رکن پنجاب اسمبلی ملک خرم علی نے کہا کہ اداروں کو کمزور کرنے والوں کے ساتھ نہیں چل سکتے، اپنی سیاست چمکانے کیلئے قومی سلامتی کے ادارے کی حرمت سے کھیلنا افسوسناک ہے۔
ملک خرم علی نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات پر دکھ ہوا۔ عمران خان کو مشورے دینے والے ہم سے پہلے پارٹی چھوڑ چکے ہیں۔ ’ہم نے اگر سیاست چلانی ہے تو سب سے پہلے پاکستان کو مضبوط کرنا ہے اور جو ادارے پاکستان کا تحفظ کر رہے ہیں ان کا خیال ہم نے سب سے پہلے کرنا ہے۔ ‘
’ہم پی ٹی آئی سے علیحدہ ہو گئے ہیں۔ اپنے دوست احباب سے مشورہ کیا تو سب نے یہی کہا کہ ہم کسی ایسی پارٹی کا حصہ نہیں بنیں گے جو ہمارے اداروں کو کمزور کرے یا اداروں کے خلاف بات کرے۔‘
انہوں نے کہا کہ وہ اپنے حلقے میں سیاست جاری رکھیں گے اور جو لوگ ان کے گروپ میں ہیں وہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ علاقے کی بہتری کے لیے ان کی سیاست جاری رہے گی۔