سپریم کورٹ طاقتوروں کے خلاف اسٹینڈ نہیں لے رہی: عمران خان کا شکوہ

اتوار 28 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے سپریم کورٹ سے شکوہ کیا ہے کہ اب تک ہمیں نظر آ رہا ہے کہ آپ طاقتوروں کے سامنے اسٹینڈ کرنے سے پیچھے ہٹ رہے ہیں مگر یاد رکھیں کہ قوم آپ کی طرف دیکھ رہی ہے اگر آپ نے جمہوریت کو بچانے میں کردار ادا نہ کیا تو تاریخ آپ کو اچھے لفظوں میں یاد نہیں رکھے گی۔

ویڈیو لنک کے ذریعے اپنے خطاب میں انھوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کی پریس کانفرنس کے بعد کوئی شک نہیں رہا کہ ہماری گرفتار خواتین کے حوالے سے جو خبریں آرہی تھیں وہ درست ہیں اور اس حوالے سے سارے شکوک و شبہات دور ہو گئے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ پاکستانی تاریخ میں کبھی خواتین کے ساتھ ایسا نہیں ہوا جو آج ہو رہا ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ انھوں نے گرفتار خواتین کے ساتھ ایسا کچھ کر لیا ہے جو سنبھالا نہیں جا رہا۔ اسی لیے اب کہا جا رہا ہے کہ تحریک انصاف کوئی سازش کر رہی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ خواتین کے ساتھ تشدد کا سلسلہ 25 مئی 2022 سے شروع ہوا جب پولیس اہلکار دہشت پھیلانے کے لیے لوگوں کے گھروں میں گھس گئے۔ حکومت یہ سازش کر رہی ہے کہ خواتین کے ساتھ مظالم دیکھ کر لوگ خود ہی دہشت کا شکار ہو جائیں گے اور خواتین کو کہیں گے کہ آپ گھر بیٹھ جائیں آپ نے سیاست نہیں کرنی۔

انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے جلسوں میں میں فیملیز شرکت کر رہی تھیں جو پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوا اور یہ ایک خوش آئند امر تھا۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پچھلے 60 سال میں آدھا وقت فوج اور آدھا وقت دو خاندانوں نے حکومت کی۔ جب فوجی حکومت آتی تھی تو یہ بیانیہ بنایا جاتا تھا کہ سیاست بہت بری چیز ہے تاکہ لوگ چپ کر کے گھروں میں بیٹھ جائیں۔

انھوں نے کہا کہ ہم نے عدلیہ تحریک میں شرکت کی کیوں کہ آزاد عدلیہ جمہوریت کی حفاظت کرتی ہے۔ کیوں کہ ماضی میں تو نظریہ ضرورت تھا۔

یہ بھی پڑھیں پی ڈی ایم کی حکومت اخلاقیات نام کی کسی چیز سے واقف نہیں، عمران خان

عمران خان نے کہا کہ جمہوریت جب حقیقی ہوتی ہے تو ملک کی عدلیہ آپ کے حقوق کی حفاظت کرتی ہے۔ حکومت کو کوئی غلط کام نہیں کرنے دیا جاتا۔ جمہوریت، آزادی اور خوشحالی سب ساتھ چلتے ہیں لیکن یہاں سب سے بڑھ کر آزاد عدلیہ کا کردار ہوتا تھا۔

انھوں نے کہا کہ آج ہم جہاں کھڑے ہیں ایسا تو پرویز مشرف کے دور میں بھی نہیں ہوا کیوں کہ لوگوں کو ٹیلیفون پر دھمکیاں دی جاتی ہیں۔

انھوں نے الزام لگایا کہ ہمارے لوگوں کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں کہ اگر تحریک انصاف کو نہ چھوڑا تو آپ کو نشان عبرت بنایا جائے گا۔ آپ کی فیملی کو نہیں چھوڑیں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہر روز ہمارے بنیادی حقوق کو روندا جا رہا ہے۔ صرف عدلیہ ہی ہمیں بنیادی حقوق دے سکتی ہے اس لیے آپ کو اسٹینڈ لینا پڑے گا۔ اگر آپ نے ایسا نہ کیا تو تاریخ آپ کو اچھے الفاظ میں یاد نہیں رکھے گی۔

انھوں نے کہا کہ میری گرفتاری کے بعد لوگوں کا حق تھا کہ وہ جی ایچ کیو اور کنٹونمنٹ کے ایریاز میں احتجاج کریں۔ جن لوگوں نے توڑ پھوڑ کی ان کو تو سزا ملنی چاہیے مگر ہماری خواتین اور بیگناہ افراد کو رہا کیا جائے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں طاقت کی حکمرانی ہے۔ مجھے کچھ جگہوں سے خبریں مل رہی ہیں کہ گرفتار خواتین کے ساتھ اچھا نہیں ہو رہا اس پر سوموٹو نوٹس لیا جائے بلکہ سانحہ 9 مئی پر ایک جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔

یہ بھی پڑھیں عمران خان کا وزیر صحت اور پمز میڈیکل بورڈ کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ

ان کا کہنا تھا کہ سانحہ 9 مئی کے بعد احتجاج کرنے والے ہمارے 25 افراد کو شہید کیا گیا۔ پر امن احتجاج کرنے والوں پر جن لوگوں نے گولیاں چلائی ہیں ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ اس ملک میں عدلیہ کے فیصلے نہیں مانے جاتے اور جو شخص یہ کہے کہ میں تحریک انصاف چھوڑ رہا ہوں ان کو سب کچھ معاف کر دیا جاتا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے 23 ہزار سے زائد لوگوں کی لسٹ بنائی گئی ہے جن میں سے 10 ہزار سے زائد جیلوں میں ہیں۔ یہ سیاسی کارکنان ہیں ان کے خلاف ایسی کارروائیاں نہیں ہونی چاہییں۔ اس وقت ملک میں جمہوریت کو تباہ کیا جا رہا ہے۔

انھوں نے حکومت کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ جتنے لوگوں کو تحریک انصاف کو الگ کرنا ہے کر لیں لیکن انتخابات کی تاریخ کا اعلان تو کر دیں اور ملک کو اس دلدل سے نکالیں کیوں کہ وقت کسی کے پاس نہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ جو لوگ حکومت میں بیٹھے ہوئے ہیں ان کو روپیہ گرنے سے کوئی فرق نہیں پڑتا کیوں کی ان کی دولت تو باہر پڑی ہوئی ہے اس لیے جلد از جلد الیکشن ملک کے لیے ناگزیر ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp