پاکستان میں الیکٹرک اسکوٹر مارکیٹ میں ایک نیا اضافہ ہوا ہے۔ ایوی نے باضابطہ طور پر اپنا جدید جین-زی الیکٹرک اسکوٹر متعارف کروا دیا ہے۔ یہ اسکوٹر لیتیھیم آئرن فاسفیٹ بیٹری سے لیس ہے اور شہر میں روزمرہ آمد و رفت کے لیے جدید سہولتیں فراہم کرتا ہے۔
اس اسکوٹر میں 1000 واٹ کا موٹر دیا گیا ہے جس کی کمپنی 2 سال کی وارنٹی فراہم کر رہی ہے۔ جین-زی اسکوٹر میں لیتھیم آئرن فاسفیٹ بیٹری استعمال کی گئی ہے، جو 76.8V اور 27Ah کی ہے اور اس پر 36 ماہ کی وارنٹی بھی دی گئی ہے۔ ایک چارج میں یہ اسکوٹر 70 سے 80 کلومیٹر کا فاصلہ طے کر سکتا ہے جبکہ اس کی زیادہ سے زیادہ رفتار 50 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ہنڈا موٹر سائیکل بلا سود اقساط پر کیسے حاصل کر سکتے ہیں؟
اس اسکوٹر کے ڈیزائن میں ایلومینیم رِمز اور فرنٹ ڈسک بریکس شامل ہیں جو سواری کو محفوظ اور آرام دہ بناتے ہیں۔ اضافی سہولتوں میں ریورس گئر، کروز کنٹرول اور سائیڈ اسٹینڈ سینسر شامل ہیں جو شہری آمد و رفت میں سہولت فراہم کرتے ہیں۔ ایوی جین-زی اسکوٹر کی قیمت 215,000 روپے رکھی گئی ہے۔
پاکستان میں الیکٹرک دو پہیہ گاڑیوں کی مانگ تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ بڑھتی ہوئی ایندھن کی قیمتوں، کم دیکھ بھال کے اخراجات اور مقامی و بین الاقوامی برانڈز کے داخلے نے صارفین کے لیے الیکٹرک اسکوٹرز کو زیادہ قابل رسائی بنایا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : مالی سال 26-2025 میں گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور رکشوں کی فروخت میں ریکارڈ اضافہ
ایوی کا جین-زی ماڈل شہر کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، جو نہ صرف ماحولیاتی طور پر دوستانہ ہے بلکہ صارفین کو جدید سہولتیں اور محفوظ سواری بھی فراہم کرتا ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ اسکوٹر درمیانے درجے کے شہری مسافروں کے لیے ایک پرکشش اور معقول انتخاب ہے۔














