بم اور ہائی جیکنگ کی اطلاع کے باعث کویت سے نئی دہلی جانے والی انڈیگو ایئرلائن کی پرواز کا رخ احمد آباد کی جانب موڑ دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی ایئرلائنز کی پرواز میں بم کی اطلاع، عملے کی دوڑیں لگ گئیں
ایئرپورٹ حکام کے مطابق پرواز میں ایک ٹشو پیپر پر ہاتھ سے لکھی گئی بم اور ہائی جیکنگ کی دھمکی ملنے کے بعد یہ اقدام کیا گیا۔
حکام کے مطابق طیارے میں عملے سمیت 180 مسافر سوار تھے۔ احتیاطی تدبیر کے طور پر طیارہ جمعے کی صبح تقریباً 6 بج کر 40 منٹ پر سردار ولبھ بھائی پٹیل انٹرنیشنل ایئرپورٹ احمد آباد پر بحفاظت اتار لیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق ایک مسافر نے طیارے کے اندر موجود ہونے کا دعویٰ کرنے والی دھمکی آمیز تحریر دریافت کی جس کے بعد پائلٹ نے فوری طور پر ایئر ٹریفک کنٹرول کو آگاہ کیا۔ اس کے بعد پرواز کا رخ احمد آباد کی جانب موڑ دیا گیا۔
مزید پڑھیے: ایئرانڈیا کی ساکھ کیسے بحال ہو؟ بھارتی حکومت اور ایئرلائن نے سر جوڑ لیے
لینڈنگ کے بعد تمام مسافروں کو بحفاظت طیارے سے اتار لیا گیا جبکہ سیکیورٹی اداروں نے طیارے کی مکمل تلاشی لی۔ ایئرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ تاحال کوئی مشتبہ شے برآمد نہیں ہوئی۔
حکام کے مطابق پرواز کو سیکیورٹی کلیئرنس کے حتمی مراحل مکمل ہونے کے بعد ہی دوبارہ روانگی کی اجازت دی جائے گی۔














