لاہور میں پاکستان کے پہلے سرکاری آٹزم اسکول کے اسٹاف کی ٹریننگ کے سلسلے میں عالمی ماہر آٹزم ڈاکٹر سارہ سی میڈ جیسپرس جلد لاہور کا دورہ کریں گی۔
ڈاکٹر جیسپرس نے اس اسکول کو ایک انقلابی قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ تین روزہ تربیتی سیشن کے لیے لاہور آ رہی ہیں، جس میں نئے عملے کو اعلیٰ معیار کی اخلاقی اور نیورودائیورسٹی کی تائید کرنے والی ایپلاۓڈ بیہیویئر اینالیسز (ABA) خدمات فراہم کرنے کی تربیت دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: ’آٹزم کے شکار بچے کو پلے ایریا میں جانے سے روک دیا گیا‘، ماں کا احتجاج، صارفین برہم
انہوں نے بتایا کہ یہ اقدام پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں شروع کیا گیا ہے اور اسے شمولیتی تعلیم اور خدمات کے فروغ کے لیے ایک پیش قدمی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ تربیتی پروگرام میں شمولیتی طریقے، ڈیٹا پر مبنی فیصلہ سازی، تقویت پر مبنی تعلیم، مہارتوں کے حصول، اور رویے کو سمجھنے اور مدد دینے کے عملی طریقے شامل ہوں گے۔
وزیراعلی مریم نواز کے پہلے سرکاری آٹزم سکول کے عالمی سطح پر چرچے ہیں، بہت جلد ڈاکٹر سارہ اس سکول کے سٹاف کی ٹریننگ کیلئے لاہور آ رہی ہیں۔ وہ بھی وزیراعلی مریم نواز کے وژن سے impress ہوئے بغیر نہ رہ سکیں۔۔@MaryamNSharif pic.twitter.com/m6ODr2P8or
— Hina Parvez Butt (@hinaparvezbutt) February 2, 2026
ڈاکٹر جیسپرس نے کہا کہ اسکول کا افتتاح بچوں، خاندانوں اور پاکستان میں آٹزم کی تعلیم کے مستقبل میں ایک اہم سرمایہ کاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ٹیم کے ساتھ کام کرنے کی منتظر ہیں اور اس شاندار نئے آغاز میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پرجوش ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ مریم نواز کی بصیرت افروز قیادت اور شمولیتی و ہمدردانہ خدمات کے فروغ کے لیے مستقل عزم کا بھی شکریہ ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں: آٹزم پیدا ہونے کی وجہ اور اس کا جینیاتی راز کیا ہے؟
یاد رہے کہ مریم نواز اسکول اینڈ ریسورس سینٹر برائے آٹزم میں داخلوں کا باضابطہ آغاز دسمبر میں کیا گیا تھا۔ اسکول میں 3 سے 5 سال کی عمر کے بچوں کے لیے ارلی چائلڈ ہوڈ ایجوکیشن سیکشن، 6 سے 12 سال کے لیے جونیئر سیکشن، اور 13 سے 16 سال کے آٹسٹک بچوں کے لیے سینئر سیکشن قائم کیا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق، آٹزم بچوں میں ایک عصبی عارضہ ہے جو ان کی دوسروں سے میل جول، بات چیت اور سیکھنے کی صلاحیت کو متاثر کرتا ہے، جس کی وجہ سے معیاری اور شمولیتی تعلیم کی فراہمی اہمیت اختیار کر گئی ہے۔














