وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبائی وزیر بلال یاسین کی زیر صدارت محکمہ داخلہ میں اجلاس ہوا جس میں بسنت کے سلسلے میں سیف انتظامات اور پتنگ بازی کے سامان کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی اور حکومتی اقدامات واضح کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں:بسنت کے دنوں میں مفت ٹرانسپورٹ کیسے حاصل کی جائے؟
بلال یاسین نے بتایا کہ صوبے کے 4 اضلاع قصور، شیخوپورہ، فیصل آباد اور ملتان سے زیادہ سے زیادہ پتنگ بازی کا سامان لاہور پہنچایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چاروں شہروں میں دستیاب سامان کی وافر مقدار سے قیمتوں میں واضح کمی آئے گی اور عوام سیف بسنت منا سکیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ بسنت کو محفوظ بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں اور وزیراعلیٰ پنجاب نے لوگوں کی خوشیاں واپس لانے کے لیے سیف بسنت کا تحفہ دیا ہے۔
حکومت نے لاہور کے بعد دیگر اضلاع میں پتنگ بازی کا سامان بنانے کی اجازت دی ہے اور رجسٹرڈ مینوفیکچررز صرف رجسٹرڈ ٹریڈرز یا سیلرز کو ہی پتنگیں اور ڈور فروخت کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں:لاہور میں محفوظ بسنت کے لیے ضلعی انتظامیہ متحرک
بلال یاسین نے مزید کہا کہ لاہور میں 6، 7 اور 8 فروری کو سیف بسنت کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز اپنا کردار ادا کریں، تاکہ عوام کو خوشگوار اور محفوظ بسنت منانے کا موقع ملے۔
اجلاس میں سپیشل سیکرٹری داخلہ زینب خان، ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی اور ایڈیشنل سیکرٹری پریزن سمیت دیگر حکام نے بھی شرکت کی۔














