وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں ہونے والے خود کش حملے کا ماسٹر مائنڈ افغان شہری ہے جسے گرفتار کرلیا گیا، بھارت پاکستان میں دہشتگردی کروا رہا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حملے کے ماسٹر مائنڈ کا تعلق کالعدم داعش سے ہے، سی ٹی ڈی نے واقعہ سے منسلک تمام لوگوں کو پکڑ لیا ہے۔
دھماکے کے فوری بعد پشاور اور نوشہرہ میں ریڈ کی گئی اس میں 4 سہولت کار گرفتار ہوئے ہیں ، اس دوران کے پی پولیس کا ایک اے ایس آئی شہید ہوا ہے ، مین ماسٹر مائنڈ کا تعلق داعش سے ہے اور وہ اب ہماری حراست میں ہے ، وزیر داخلہ محسن نقوی pic.twitter.com/NJnvqSuUQ2
— WE News (@WENewsPk) February 7, 2026
مزید پڑھیں: ملک میں دہشتگردی کی نئی لہر کے پیچھے پی ٹی آئی ہے، وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ
انہوں نے کہاکہ دھماکے کے 4 سہولت کاروں کو پکڑا گیا ہے، چھاپوں کے دوران ایک اہلکار شہید اور کچھ زخمی ہوئے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہاکہ ترلائی میں ہونے والے خودکش دھماکے نے ہم سب کو ہلا کر رکھ دیا، کل رات آپریشن چل رہے تھے ہم ساری رات نہیں سوئے۔
محسن نقوی نے کہاکہ دہشتگردوں کی 21 بین الاقوامی تنظیمیں افغانستان سے کام کررہی ہیں، اسلام آباد حملے کی تربیت اور منصوبہ بندی افغانستان میں ہوئی۔
انہوں نے کہاکہ ہمارے پاس ثبوت موجود ہیں کہ کیسے خود کش حملہ آور کو لایا گیا، اس وقت ضرورت اس امر کی ہے کہ کمیونٹی انٹیلی جینس مؤثر ہونی چاہیے۔
اس دہشتگرد کی ٹریننگ داعش افغانستان نے کی ہے ،یہ ساری ٹریننگ افغانستان کے اندر ہوئی ہے ہمارے پاس ساری معلومات ہیں کہ کس طرح اس کو وہاں لے جایا گیا ، محسن نقوی pic.twitter.com/mGXRC0aR86
— WE News (@WENewsPk) February 7, 2026
وزیر داخلہ نے کہاکہ بھارت کی جانب سے دہشتگردوں کو فنڈنگ کی جارہی ہے، خیبرپختونخوا ہو یا بلوچستان ہم اس وقت حالت جنگ میں ہیں۔
انہوں نے کہاکہ بھارت روایتی طریقے سے پاکستان سے جنگ نہیں جیت سکتا، اس لیے پراکسیز کا سہارا لے رہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ بھارت نے پاکستان میں دہشتگردی کرنے کے لیے اپنا بجٹ بڑھایا ہے، ہم جنازے اٹھا رہے ہیں اور دنیا خاموش بیٹھی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ دہشتگردوں کو ڈالرز میں فنڈنگ کی جارہی ہے، جب دوسرے ملکوں میں بھی ایسے جنازے اٹھیں گے تو پھر یہ لوگ بولیں گے۔
محسن نقوی نے کہاکہ اس بار بلوچستان میں جو دہشتگردی کرنے کے لیے آیا وہ بچ کر نہیں گیا، ملک کے ایک انچ پر بھی دہشتگردوں کا قبضہ نہیں، یہ چھپ کر کارروائی کرتے ہیں اور بھاگ جاتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ٹی ٹی پی، افغان طالبان اور داعش سب مل کر کام کررہے ہیں، یہ دہشتگردی اب علاقائی خطرہ بنتا جا رہا ہے۔
ہم بار بار یہ کہہ رہے ہیں کہ ہمارے ملک میں جو دہشتگردی ہورہی ہے وہ افغانستان سے ہورہی ہے ، میری عوام سے درخواست ہے کہ وہ دہشتگردی کے خاتمے میں ہماری مدد کرے اور اس طرح کے لوگوں کی پولیس کو اطلاع دیں ،محسن نقوی pic.twitter.com/EPPM0Q4Rim
— WE News (@WENewsPk) February 7, 2026
وزیر داخلہ نے کہاکہ کسی بھی واقعے کے بعد بی ایل اے کا کانٹینٹ بھارتی میڈیا پر چل رہا ہوتا ہے، لیکن کوئی اس پر بات نہیں کرتا۔
وزیر داخلہ نے کہاکہ ہمارے سفارتکار دنیا کو بھارت کی دہشتگردی سے آگاہ کریں گے، جبکہ ہم نائب وزیراعظم کو بھی اس صورت حال پر بریف کریں گے۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد خود کش دھماکا، سعودی عرب سمیت عالمی برادری کی شدید مذمت
محسن نقوی نے کہاکہ جس طریقے سے واردات ڈالی گئی ہمیں اپنے سسٹم کو دیکھنا ہوگا، کیوں کہ جس دہشتگرد کو پہلے 500 ڈالر مل رہے تھے اسے اب 1500 ڈالر مل رہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہاکہ پاکستان کے خلاف جنگ کرنے والوں کو کیٹیگریز میں تقسیم نہ کریں، کیوں کہ دشمن دشمن ہے۔














