نگران حکومت 4 ماہ کا بجٹ پیش کرے گی، معیشت کے حوالے سے جلد اچھی خبریں ملیں گی: محسن نقوی

منگل 30 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ جیل میں قید خواتین سے ناروا سلوک کے بارے میں منفی پروپیگنڈا کیا گیا-2 ،2 سال پرانی ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کی جا رہی ہیں۔

آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عسکری تنصیبات پر حملے کرنے میں ملوث 11 خواتین جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔ پورے پنجاب سے مجموعی طور پر 32 خواتین کو گرفتار کیا گیا تھا جن میں سے 21 کو رہا کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں جیل میں خواتین سے زیادتی کے الزامات صرف پراپیگنڈا ہیں، وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی

محسن نقوی نے کہا کہ جیل میں قید خواتین کو ’جیل مینوئل‘ کے مطابق رکھا گیا ہے۔ تقریباً 500 خواتین 9 مئی کے واقعات میں مطلوب تھیں لیکن ہم نے گرفتاری سے گریز کیا- میں نے واضح ہدایات دی ہیں کہ کسی بے گناہ کو نہیں پکڑنا-

ان کا کہنا تھا کہ جناح ہاؤس کے ساتھ میانوالی ایئر بیس پر حملے کا خطرناک منصوبہ بنایا گیا تھا اور حملہ آور قیمتی جہاز جلانا چاہتے تھے۔ میانوالی میں حملہ آور بھوسے سے بھری ٹرالیوں میں اسلحہ لے کر آئے تھے مگر پولیس کے جوان زخمی حالت میں بھی ان سے لڑتے رہے۔

9 مئی کو طے شدہ منصوبے کے تحت جلاؤ گھیراؤ کیا گیا

انہوں نے کہا کہ پہلے سے طے شدہ تھا کہ کس نے کہاں جانا ہے، 8 مارچ کو زمان پارک میں پولیس پر حملہ کرنے والوں نے 9 مئی کو جلاؤ گھیراؤکیا- معاشی صورتحال میں بہتری کے حوالے سے جلد اچھی خبریں آئیں گی- نگران حکومت 4 ماہ کا بجٹ پیش کرے گی۔

محسن نقوی نے کہا کہ اشہتارات کی مد میں اخبارات کے واجبات کی جلد ادائیگی کے لیے ہدایات جاری کر دی ہیں۔ اخبارات کو اشتہارات کا سسٹم ڈیجیٹلائزڈ کیا جا رہا ہے اور کم سے کم وقت میں بلات کی ادائیگی کی جائے گی۔

اس موقع پر صوبائی سیکرٹری اطلاعات علی نواز ملک نے کہا کہ واجبات کی ادائیگی شروع ہو چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں محسن نقوی نے پُر تشدد احتجاج کرنے والوں کو سخت پیغام دے دیا

محسن نقوی سے اخباری مالکان کے وفد کی ملاقات میں اے پی این ایس کے انتقال کرنے والے ارکان کے رسائل و جرائد کے اشتہارات جاری رکھنے کی تجویز سے اتفاق کیا گیا۔

وفد میں سرمدعلی، مجیب الرحمان شامی، منیر گیلانی، شہاب زبیری، سجاد بخاری، وقارالدین، امتنان شاہد، ہمایوں طارق، ہمایوں گلزار، محسن بلال، محسن سیال، فوزیہ شاہین، بلال محمود، یونس مہر، ممتاز پھپھوٹو، فیصل شاہجہان، ممتاز، جاوید مہر شمسی، اویس خوشنود،عرفان اطہر اور دیگر شامل تھے۔

صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، سیکرٹری اطلاعات، ڈی جی پی آر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp