پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی: پیٹرول 8 اور ڈیزل 5 روپے فی لیٹر سستا

بدھ 31 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر خزانہ اور سینیٹر اسحاق ڈار نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا، نئی قیمتوں کا اطلاق شب 12 بجے کے بعد سے ہوگا۔

وفاقی وزیر خزانہ کے بدھ 31 مئی کی شب  کیے گئے اعلان کے مطابق پیٹرول 8 روپے، ڈیزل 5 روپے اور لائٹ ڈیزل 5 روپے فی لیٹر سستا ہوا ہے جب کہ مٹی کے تیل کی قیمت برقرار رکھی گئی ہے۔

پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کے حوالے سے اعلان کرتے ہوئے وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ گو ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کوئی کمی نہیں آسکی لیکن پھر بھی کوشش کی گئی ہے کہ عوام کو ریلیف دینے کے حوالے سے جتنی بہتری لانی ممکن ہو وہ لے آئی جائے۔

ڈیزل

وزیر خزانہ نے بتایا کہ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر کمی گئی ہے جس کی قیمت 258 روپے فی لیٹر سے اب 253 روپے فی لیٹر کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح قیمتوں میں گزشتہ (16 مئی) اور اس مرتبہ کے ردوبدل کے بعد ڈیزل کی قیمت میں مجموعی طور پر 35 روپے کی کمی ہوچکی ہے۔

پیٹرول

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پیٹرول جو پہلے 270 روپے فی لیٹر تھا اب اس کی قیمت کم کرکے 262 روپے فی لیٹر کردی گئی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس طرح پچھلی کمی اور اس کمی کو ملا کر دیکھا جائے تو عوام کو 2 ہفتوں کے دوران پیڑول کی قیمت میں کل 20 روپے کا ریلیف ملا ہے۔

لائٹ ڈیزل

وزیر خزانہ نے کہا کہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں اس مرتبہ 5 روپے کی کمی کی گئی ہے جب کہ اگر مجموعی لحاظ سے دیکھا جائے تو 2 ہفتوں میں اس کی قیمت 17 روپے کم کی گئی ہے۔ انہوں مزید کہا کہ لائٹ ڈیزل کی قیمت اب 147 روپے 68 پیسے فی لیٹر ہوگی۔

مٹی کا تیل

مٹی کے تیل کی قیمت کے حوالے سے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ اس کی قیمت میں اس مرتبہ کوئی ردوبدل نہیں کیا جا رہا اور یہ اگلے 15 دنوں تک بدستور 164 روپے 7 پیسے فی لیٹر ہی رہے گی۔

واضح رہے کہ پیٹرلیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp