امریکی صدر جوبائیڈن چلتے چلتے بری طرح سے گر گئے

جمعہ 2 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی صدر جوبائیڈن ائیرفورس اکیڈمی کی گریجویشن  تقریب میں سٹیج پر چلتے ہوئے بری طرح سے گر گئے۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ ائیر فورس کے کیڈٹس کو اسناد عطا کرکے واپس اپنی سیٹ کی طرف جانے لگے۔

گرنے پر امریکی صدر کے قریب ایک اہلکار نے انہیں اٹھنے میں مدد دینا چاہی لیکن انہوں نے اسے روک دیا اور خود سے اٹھنے کی کوشش کی تاہم وہ اٹھ نہ سکے۔ چنانچہ ائیر فورس کے اہلکار اور خفیہ ایجنسی کے 2 ارکان نے انہیں اٹھنے میں مدد دی۔ اس کے بعد انہوں نے اہلکاروں کو اشارہ کرتے ہوئے بتایا کہ وہ  کس چیز سے الجھ کر گرے ہیں۔

 بعدازاں صدر جوبائیڈن اہلکاروں کی مدد سے گریجوٹس کے درمیان اپنی نشست پر جا بیٹھے، اس وقت وہ ہانپ رہے تھے۔ تاہم جب تقریب ختم ہوئی تو وہ خود ہی چلتے ہوئے اپنی گاڑی تک پہنچے۔ البتہ اپنے طیارے پر بیٹھنے سے پہلے انہوں نے صحافیوں کو سوالات کا موقع نہ دیا۔

وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ صدر جوبائیڈن مکمل طور پر ٹھیک ہیں۔

یادرہے کہ صدر جوبائیڈن امریکی تاریخ کے سب سے عمررسیدہ  صدر ہیں۔ ان کی عمر80 برس ہے۔ گزشتہ روز صدر جوبائیڈن ائیر فورس کی تقریب میں، سٹیج پر قریباً ڈیڑھ گھنٹہ کھڑے رہے اور انہوں نے 921 کیڈٹس سے مصافحہ کیا اور انہیں اسناد دیں۔

واضح رہے کہ صدر جوبائیڈن ایک بار پھر صدارتی انتخاب میں حصہ لینے کا عندیہ دے چکے ہیں تاہم ان کے نقاد کہتے ہیں کہ وہ اس قدر زیادہ بوڑھے ہوچکے ہیں کہ دوبارہ بطور صدر کام کرنے کے قابل نہیں ہیں۔

رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق امریکی عوام کی اکثریت بھی ان کی زیادہ عمر کے بارے میں متفکر ہے۔ اگر وہ دوبارہ صدارتی انتخاب میں حصہ لیتے ہیں اور جیت جاتے ہیں تو وہ 82 برس کی عمر میں اپنی دوسری ٹرم کا آغاز کریں گے۔

صدر جوبائیڈن اس سے پہلے ائیر فورس کے جہاز کی سیڑھیاں چڑھتے ہوئے بھی گرے تھے اور ایک بار سائیکل چلاتے ہوئے بھی اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکے تھے اور گر گئے۔

 2024 کے صدارتی انتخابی مقابلے میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی حصہ لینے کا اعلان کرچکے ہیں جن کی عمر 76 برس ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے صدر جوبائیڈن کے گرنے کی خبر سن کر کہا:’امید ہے کہ وہ زخمی نہیں ہوئے ہوں گے‘۔

یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اکثر صدر جوبائیڈن کے بڑھاپے کا مذاق اڑاتے رہتے ہیں۔ ایک ٹویٹ میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ جوبائیڈن نہ ذہنی طور پر صحت مند ہیں نہ ہی اب وہ چلنے کے قابل رہے ہیں۔ لوگوں کے تحفظ کی خاطر کانگریس کو 25 ویں ترمیم  منظور کرنا چاہیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp